پرویز الٰہی کو گرفتار نہ کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیل، سماعت کل تک ملتوی

پیر 18 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے سے روکنے کے سنگل بینچ کے احکامات کے خلاف دائر اپیل پر سماعت 19 ستمبرتک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی، جسٹس راحیل کامران 2 رکنی بینچ کا حصہ ہیں۔

ایسوی ایٹ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیاکہ پرویز الٰہی کے وکیل دوسری عدالت میں مصروف ہیں، عدالت کارروائی ملتوی کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے نیب کی اپیل پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے نیب نے سنگل بینچ کے احکامات کو ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔

اس سے قبل ہونے والی سماعت میں لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو گرفتار نہ کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 ستمبر تک جواب طلب کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس راحیل کامران پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نیب کی اپیل پر سماعت کی تھی۔

 نیب نے انٹرا کورٹ اپیل  میں موقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، نیب کیسز پر صرف 2 رکنی بینچ سماعت کا اختیار رکھتا ہے۔

نیب کے مطابق سنگل بینچ نے حقائق کے برعکس فیصلہ دیتے ہوئے کہاکہ پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور اپیل کے حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp