الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کی دعوتِ مشاورت رد کر دی

اتوار 19 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق صدر عارف علوی کے خط کے جواب میں ایوان صدر کو جوابی خط لکھ دیا۔ خط سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری ایوان صدر کو لکھا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے لیے ایوان صدر کو مشاورت میں شامل کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ خط کے متن میں ایوان صدر کو آگاہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایوان صدر کو انتخابات کے حوالے سے مشاورت میں شامل نہیں کر سکتا۔

خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے۔ اب معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

صدر مملکت کا الیکشن کمیشن کو ایک اور خط،انتخابات میں تاخیر پر اظہار برہمی

الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب سے مشاورت کی۔ گورنر نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔ آئین کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کو خط بھی لکھا۔ دونوں گورنرز نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے الیکشن کمیشن اپنی قانونی و آئینی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ الیکشن کمیشن کو آئینی و قانونی طور پر الیکشن کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت صوبے میں گورنر ہی انتخابات کی تاریخ دے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن کے حکام کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے لیے مشاورت کے لیے خط لکھا تھا اور الیکشن کمیشن کے حکام کو ایوان صدر مدعو کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp