چترال محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور دوسرے مقامی اداروں نے لوئر چترال میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام چترال (AKRSP) کے مالی معاونت سے سیاحت کا عالمی دن (ورلڈ ٹورازم ڈے2023) انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس دن کومنانے کا مقصد سیاحت کی اہمیت اور اُس کے معاشرے پر اثرات کو اجاگر کرنا ہے۔
لوئر چترال میں ٹورازم ڈے کے موقع پر چیل پل سے پولو گراونڈ چترال تک آگاہی ورک، ہزاروں فٹ بلند بیرموغ لشٹ کے مقام سے پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ اور خواتین کے لیے نمائش کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد خواتین کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کاروبار سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
نمائش میں چترال کے مختلف علاقوں کے تربیت یافتہ خواتین کی تیار کردہ ملبوسات، ہاتھ سے بنی ہوئی شالیں، ہاتھ کے بنے ہوئے دیگرسامان، گھر میں بنائے ہوئے قالین، روایتی کھانے اور خواتین کی فنی تربیت اور دلچسپی سے متعلق اسٹالز لگائے گئے تھے۔
ڈی جی ٹورازم خیبرپختونخوا شہزادہ سراج الملک اور مقررین کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد چترال میں سیاحت کے فروغ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش، آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کے امکانات میں اضافہ، سیاحت کے لیے آنے والے شائقین کے تحفظ، سیاحتی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، نئے سیاحتی مقامات تک رسائی سمیت دیگر متعلقہ امور کو فروغ دینا ہے۔