چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بالآخر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے جہاں دو رکنی بینچ نے اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں 3 مارچ تک ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت اور تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے سابق وزیر اعظم کو آج پیشی کا آخری موقع دیا تھا جس کے بعد وہ عدالت میں کافی تاخیر سے پیش ہوئے۔
عدالت کی جانب سےدیئے گئے شام 5 بجے کے بجائے عمران خان تقریباً 5 بجکر 50 منٹ پر ہائی کورٹ کے احاطے میں پہنچے۔ جہاں کارکنوں کے رش کی وجہ سے وہ کمرہ عدالت میں مقررہ وقت پر نہ پہنچ سکے۔
اس دوران تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان کی حاضری قبول کی جائے۔ انہیں وہیل چیئر پر احاطے سے کمرہ عدالت میں لانا ممکن نہیں تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
بعد ازاں شام 7 بجکر 30 منٹ کے قریب عمران خان گاڑی سے نکلے اور خود چل کر کمرہ عدالت میں پہنچے جہاں جسٹس باقر نجفی اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے3 مارچ تک انکی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
بعد ازاں عمران خان اپنے وکیل خواجہ طارق رحیم کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں بھی پیش ہوئے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی خود عمران خان کی جانب سے وضاحت اور پھر درخواست ضمانت واپس لیے جانے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
درخواست نمٹانے کے بعد جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کو کمرہ عدالت میں بیٹھے رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب، آپ کی درخواست پر دستخط مختلف ہیں۔
جس کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ ضمانت کی پہلی درخواست انکے دستخط اور منظوری کے بغیر دائرہوئی، جس کا انہیں افسوس ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ بولے؛ آپ کو احتیاط کرنی چاہیے تھی۔ اس موقع پرعمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں جیسے ہی علم ہوا انہوں نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو درخواست واپس لینے کی ہدایت کی۔ ’پہلی درخواست ضمانت میری منظوری کے بغیر فائل ہوئی تھی۔‘
ہائیکورٹ پیشی کے بعد عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔