پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی حمایت کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا ارادہ ظاہر کرنے پر پاکستان نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے سعودی بھائیوں کی اس کوشش میں کامیابی کی خواہش کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ سعودی عرب ایک یادگار فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
مزید پڑھیں
سعودی عرب میں فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد کے فیصلے کی راہ بدھ کو اس وقت ہموار ہو گئی تھی جب فیفا نے ورلڈ کپ 2030 کے لیے یورپ، افریقہ اور جنوبی امریکا کے ممالک بشمول اسپین، مراکش، پرتگال، ارجنٹینا، پیراگوئے اور یوراگوئے کا انتخاب کیا تھا۔
مذکورہ براعظموں میں ورلڈ کپ 2034 کا انعقاد نہیں ہو سکے گا جس کے بعد صرف ایشیا اور اوشیانا براعظموں کے ممالک ہی اس کی میزبانی کے حقدار ہیں۔ سعودی عرب نے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بدھ کو اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا، ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر بھی سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اظہار کر چکے ہیں۔