ملک سے نواز شریف کو نہیں، خوش حالی کو نکالا گیا، مریم نواز

اتوار 8 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے لانچ نہیں کیا گیا تھا۔ قوم آج نواز شریف کا راستہ دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف کے بغیر ہمارا ملک اورعوام رل گئے ہیں، نواز شریف آئے گا اور ملک کو مشکلات سے نکال کر دکھائے گا۔ کل جو ہم پر ہنس رہے تھے آج ان پر مشکل وقت آیا ہے لیکن ہم ان پر نہیں ہنسیں گے۔

مسلم لیگ ن کے ٹھوکر نیاز بیگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عوام کو مخاطب کر کے کہا کہ آج ٹھوکر نیاز والو! آپ کو سلام پیش کرتی ہوں، آج 8 اکتوبر کو نواز شریف کے وطن واپس آنے کی خوشی میں آپ کا یہ حال ہے تو 21 اکتوبر کو کیا عالم ہو گا، سمجھ نہیں آ رہی آج 8 اکتوبر ہے یا 21 اکتوبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کا راستہ اس لیے دیکھ رہے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ملک کو ٹھیک کر کے دکھایا ہے۔ نواز شریف پاکستان کا بیٹا ہے اس کے آباو اجداد کی قبریں یہی پر ہیں۔ گزشتہ حکومت نے عوام سے دوائی بھی چھین لی تھی، نواز شریف کے حکومت کو گھرا کر ایک ’گھڑی چور‘ کو ملک پر مسلط کیا گیا، یہ لوگ کل کو جو ہمارا مذاق اڑایا کرتے تھے آج ان پر بُرا وقت آیا ہے لیکن ہم ان پر نہیں ہنسیں گے۔

مریم نواز نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کر کے کہا کہ نواز شریف کا راستہ کیوں دیکھ رہے ہو؟، جو پچھلے 7 سال سے پاکستان پر اداسی چھائی ہوئی تھی وہ آج اُمید میں کیوں بدلتی جا رہی ہے؟ اس سچائی اور حقیقت سے کوئی اور واقف نہیں ہے کہ جو شخص 21 اکتوبر کو واپس وطن آ رہی ہے اس نے اقتدار کے دن کم دیکھے ہیں اور مشکلات کے دن زیادہ دیکھے ہیں، عوام بتائیں یہ بات سچ ہے یا نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی گواہی چاہیے کہ کیا پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں نواز شریف کے علاوہ کوئی ایسا وزیر اعظم آیا جو 4 سال تک کسی چیز کی قیمت نہ بڑھنے دے۔ نواز شریف کے دور میں چینی کی قیمت 50 روپے تھی، آٹا 4 سال 35 روپے کلو رہا۔ روٹی 2 روپے سے 5 روپے تک رہی۔ ڈالر 105 روپے سے اوپر نہیں جانے دیا گیا۔ عوام کو سستی بجلی، سستی گیس، سستی کھاد ملتی رہی۔ یہ سب کچھ نواز شریف نے 4 سالوں میں ممکن کر کے دکھایا۔

نواز شریف کے دور میں مہنگائی 2 فیصد تھی آج آئے روز بڑھتی جا رہی ہے۔ نواز شریف کو اپنے دفتر سے نہیں نکالا گیا بلکہ آپ کی زندگیوں سے خوش حالی کو نکالا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ 4 سالوں میں دھرنوں کے باوجود نواز شریف نے اس ملک میں بے شمار منصوبے دیئے، لوڈشیڈنگ بھی نواز شریف کے دور میں ہی ختم ہوئی، ملک کو سی پیک منصوبہ دیا، میٹرواورنج  بس سروس کا آغاز کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے 35 سال کے سیاسی سفر میں 11 سال جلا وطنی کے ہیں۔  اگر شازش کے ذریعے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نہ ہٹایا جاتا تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا ٹھیکیدارآج کوئی اوربن رہا جب کہ وہ نواز شریف نے شروع کیا تھا۔ شیر کو ہارانے اور مٹانے والے کئی آئے اور کئی گئے شیر وہاں ہی کھڑا ہے۔ ملک کے ہر کونے سے وزیراعظم نواز شریف کی آوازیں آ رہی ہیں۔ گزشتہ 4 سال جوکروں کی حکومت تھی، بڑی گالی دینے والے کو اتنی ہی بڑی وزارت ملی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp