کیا 15 اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے کی کمی ہوگی؟

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کے ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والی کرنسی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث  روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے اور انٹر بینک میں ڈالر 307 روپے سے کم ہو کر 281 روپے کا ہو گیا ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ خام تیل کی قیمت 27 ستمبر کو 95 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ 6 اکتوبر کو 82 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی۔ تاہم اب خام تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل ہے۔

15 اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو کی جائے گی، تاہم ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ 30 روپے یا اس سے زائد کی کمی ہو گی۔

نگراں حکومت نے 30 ستمبر کو جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، اس وقت ڈالر کی قیمت 288.6 روپے تھی اور آج 282.6 روپے ہے، اس عرصے میں ڈالر کی قیمت 6 روپے (2.1 فیصد) کم ہوئی ہے، جبکہ 30 ستمبر کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 91 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ اب 85 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، اس عرصے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 6 ڈالر (7 فیصد) تک کمی ہوئی ہے۔

ڈالر کی قیمت میں 2 فیصد اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد کمی سے واضح ہوتا ہے کہ نگراں حکومت کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 7 یا 8 فیصد سے زائد کمی کرنا ممکن نہیں۔ 30 روپے یا زائد کی کمی کے لیے قیمتوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کرنا ہوگا جس کے امکانات نظر نہیں آ رہے ہیں۔

نگراں حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 58 روپے 43 پیسہ جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 55 روپی 83 پیسے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کی کمی کی گئی تھی۔ اس وقت  پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 318 روپے 18 پیسے ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق اس وقت حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس وصول نہیں کر رہی ہے، 22 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی جبکہ 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتی ہے اور دیگر ٹیکسز میں ردوبدل نہ کیا گیا تو 15 اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 25 روپے تک کی کمی ہو سکے گی۔

روپے کی قدر میں بڑے اضافے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی سے امکانات واضح ہو گئے ہیں کہ 15 اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 35 سے 38 روپے کی کمی کی جائے گی، تاہم پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ اوگرا کی سمری کے بعد وزارت خزانہ کرے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں 30 روپے یا اس سے زائد کی کمی ممکن نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp