حماس کے قائد اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے ایک اور اسپتال کو ہدف بنا کر کی گئی اسرائیلی بمباری کا ذمہ دار براہ راست امریکا کو قرار دیا ہے۔
ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی زخمی جبکہ درجنوں دیگر مریض اور تیمارداروں کے علاوہ ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دوسرے طبی عملے سمیت شہید ہو گئے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے ایک ٹیلی کاسٹ تقریر میں تبصرہ کرتے ہوئے امریکا کو اس کا ذمہ دار کہا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا ہی ہے جس نے اسرائیل کو پوری طرح سہارا اور تحفظ دے رکھا ہے۔ اس وجہ سے وہ اندھا دھند کبھی گھروں،مسجدوں، سکولوں پر اور کبھی اسپتالوں پر بھی بمباری کر رہا ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا اسپتال میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو نشانہ بنا کر فلسطینیوں کے اس قتل عام کی اسرائیلی کارروائی سے صاف نظر آرہا ہے کہ ہمارا دشمن درحقیقت اپنی شکست دیکھ چکا ہے اور بوکھلا کر ایسا کر رہا ہے۔
ہنیہ نے اپنے عرب بھائیوں کے علاوہ دنیا بھر کے مسلمانوں اور ہر فلسطینی سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اسرائیل کے خلاف احتجاج میں شامل ہو۔