نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ کے اسپتال پر گھناؤنا حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بے گناہ فلسطینیوں پر تشدد بند ہونا چاہیے، فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے زبردستی نہ نکالا جائے اور غزہ کے شہریوں تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچنے دی جائے۔
پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان واضح طور پر اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر گھناؤنے حملے کی مذمت کرتا ہے، یہ اسرائیل کا اپنے دفاع کا عمل نہیں ہے بلکہ یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے کہ اسرائیل نے معصوم بچوں، خواتین، ڈاکٹروں، طبی عملے اور پناہ کے متلاشی بے گھر شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
This reign of violence and collective punishment against innocent Palestinians must come to an immediate halt. Pakistan strongly condemns the continued siege and strikes on Gaza and is calling for an urgent ceasefire. We must not let human suffering continue any longer.
— Jalil Abbas Jilani (@JalilJilani) October 18, 2023
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں پر تشدد اور ان کو اجتماعی سزا دینے کا دور ختم ہونا چاہیے، پاکستان غزہ پر اسرائیل کے مسلسل محاصرے اور حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اب وقت ہے کہ خطے میں دشمنی ختم کی جائے، فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری طور پر نہ نکالا جائے اور بغیر کسی رکاوٹ کے امداد فلسطینیوں تک پہنچنے دی جائے۔