گلوکار وارث بیگ نے کہا ہے کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں لیکن نواز شریف انہیں پسند ہیں۔
وی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو میں وارث بیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ جب چاغی دھماکے ہوئے تھے تو میں پہلا گلوکار تھا جو اس وقت نواز شریف کے ساتھ موجود تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس ملک سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس ملک کے لیے بہت کچھ کیا ہے، اس ملک کو نیوکلیر پاور بنایا۔ نواز شریف ایک محب وطن پاکستانی ہیں ’ایبسلیوٹلی ناٹ‘ میاں صاحب نے کیا تھا جب بل کلنٹن نے چار بار فون کر کے دھماکے کرنے سے روکا تھا لیکن نواز شریف نے ملک کی خاطر اس دباؤ کو نہیں دیکھا اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
وارث بیگ کا کہنا ہے’میں نے ایک ترانہ بھی میاں صاحب کی محبت میں تیار کیا ہے اور وہ ترانہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر میری پرفارمنس کے ساتھ گونجے گا۔ میرا ترانہ میاں نواز شریف کو بہت پسند آیا ہے‘۔
’میں دبئی سے نواز شریف کے ساتھ آؤں گا‘
وارث بیگ کا کہنا ہے ’میں دبئی جاؤں گا اور خصوصی طیارے میں نواز شریف کے ساتھ آؤں گا۔ میاں نواز شریف نے مجھے دبئی بلایا ہے اور میں ان کے ساتھ واپس آؤں گا۔ طیارہ کہاں اترنا ہے، اس کا مجھے علم نہیں۔ اسلام آباد اترے گا یا لاہور، ہمیں ابھی اس بات کا علم نہیں ہے۔
’میں جب زیر تعلیم تھا، اس وقت سے میری محبت نواز شریف کے ساتھ رہی ہے۔ مجھے اگر سیاست میں لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا تو میں ضرور کروں گا لیکن میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے‘۔