نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے نومبر 2023 سے فروری 2024 تک کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ نگراں کابینہ صرف 4 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے سکتی ہے۔ بجٹ کا تخمینہ 2 ہزار 76 ارب روپے ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کابینہ اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکیوں کو پنجاب سے واپس بھجوانے کے لیے 40 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبے میں ایک لاکھ 74 ہزار غیر ملکی غیرقانونی افراد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ الیکشن کروانے کے لیے پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان کو آرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ عالمی الیکشن مبصرین کو سخت سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ابھی انتخابات کی تاریخ نہیں دی، جنوری میں انتخابات ہونے کا امکان ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 141 اور پنجاب اسمبلی کے 297 حلقے ہوں گے۔ صوبے میں 50 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔ جبکہ 8 ہزار پولنگ اسٹیشنز حساس ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تمام اقدامات کیے جائیں گے۔