پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران ذکا اشرف نے شاہد آفریدی کی کرکٹ کے لیے لگن اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو پاکستان کا ہیرو مانتے ہیں اور آپ کی خدمات کو ہمیشہ سراہتے رہیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے شاہد آفریدی سے مزید کہا کہ آپ نے خود کو میدان میں اپنے غیر معمولی ٹیلنٹ اور میدان سے باہر اپنے اخلاقی طرز عمل سے ملک کا عظیم سفیر ثابت کیا ہے۔ ہم پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے آپ کے تجربہ سے استفادہ کرنا چاہئیں گے۔
ملاقات کے دوران شاہد آفریدی نے ملک میں نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کے اسٹارز کے طور پر تیار کرنے اور انہیں پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑی بنانے کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ذکا اشرف کی پاکستان کرکٹ کے لیے کاؤشوں اور خدمات کو بھی سراہا۔