ورلڈ کپ 2023 کے 37 ویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں ناقابل شکست ہونے کی روایت برقرار رکھی، بھارتی بولرز نے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو 27.1 اوورز میں ہی 83 رنز پر واپس پویلین بھیج دیا۔
جنوبی افریقہ نے بھارت کے 326 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ہی 6 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر گر گئی جب کوئنٹن ڈی کوک محض 5 رنز بنا کر محمد سراج کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 22 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ٹیمبا باوما 11 رنز بنانے کے بعد جدیجا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ تیسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 9 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر کے ایل راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ40 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہینرک کلاسن ایک رنز بنا کر جدیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ بھی 40 کے مجموعی اسکور پر گری جب وین ڈیر ڈوسن13 رنز بنا کر محمد شامی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ملر 11 رنز بنا کر جدیجا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے، ساتویں وکٹ 67 کے مجموعی اسکور پر گری جب کیشو مہاراج 7 رنز بنا کر جدیجا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، آٹھویں وکٹ 79 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارکو جانسن محض 14 رنز بنا کر کلدیب یادیو کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ 79 کے مجموعی اسکور پر گری جب کاگیسو ربادا محض 6 رنز بنا کر جدیجا نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر انہیں پویلین بھیج دیا، جنوبی افریقہ کی آخری وکٹ 83 کے مجموعی اسکور پر گری جب لنگی نگیڈی کلدیب یادیو کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔
بھارت کی طرف سے سب سےعمدہ بولنگ رویندرا جدیجا نے کی انہیں نے اپنے 9 اوورز میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد شامی، کلدیب یادیو نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد سراج ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا 37واں میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں جنوبی افریقہ اور بھارت ٹاپ آف دی ٹیبل ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ویرات کوہلی کے سینچری اسکور کی بدولت 326 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
بھارتی کپتان روہت شرما تیز کھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 40 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر ٹمبا باووما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اوپننگ بلے باز شبمن گل 24 گیندوں پر 23 رنز بنا کر مہاراج کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
بھارت کی طرف سے سب سے عمدہ اننگز ویرات کوہلی نے کھیلی، انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 121 گیندوں پر 101 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، شریاس آئر نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی انہوں نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 77 رنز اسکور کیے۔
کے ایل رہول نے 8 ، سوریا کمار یادیو نے 22 ، رویندرا جدیجا نے 29 رنز اسکور کیے، جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام بولرز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تاہم ایڈن مارکرم کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جیرالڈ کوٹزی کی جگہ تبریز شمسی پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں بھارت اب تک 7 میچز کھیل کر تمام میں کامیابی حاصل کر چکا ہے، جبکہ جنوبی افریقہ نے بھی سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے 6 میچز میں کامیاب ہو چکا ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلے سے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے اوپننگ بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 4 سیچریوں کی بدولت ٹورنامنٹ میں ابھی تک کے ٹاپ اسکورر ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
آخری 5 میچز کا نتیجہ
آخری 5 میچوں کا رزلٹ دیکھا جائے تو بھارت ابھی تک سارے کے سارے میچ جیت چکا ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کو ایک میچ میں شکست کا سامنا ہے۔ جنوبی افریقہ کو ٹورنامنٹ کے شروع میں نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہیڈ ٹو ہیڈ
بھارت اور جنوبی افریقہ ابھی تک 90 میچز میں آمنے سامنے آئے ہیں، جن میں جنوبی افریقہ نے 50 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ بھارت صرف 37 میچ جیت سکا ہے۔ 3 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
پچ کنڈیشن
ایڈن گارڈنز کی پچ کسی خاص قسم کی بولنگ کے حق میں نہیں ہے۔ یہاں اس پچ پر تیز گیند بازوں نے اسپنرز کے مقابلے میں بہتر اسٹرائیک ریٹ پر وکٹیں حاصل کی ہیں، لیکن اسپنرز نے اس پچ پر کم اسکور دیے ہیں۔
آج کے میچ میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، رات کے وقت، یہ 23 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔ دوسری اننگز میں اوس بڑھنے کی امید ہے جو میچ میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 160 کے آس پاس ہوگا۔
بھارت کا اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادیو، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادیو، محمد شامی، جسپریت بمراہ، محمد سراج
جنوبی افریقہ کا اسکواڈ
کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ٹیمبا باوما (کپتان)، رسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، ہینرک کلاسن، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لونگی نگیڈی، تبریز شمسی