ضمنی انتخابات: این اے 193 راجن پور میں پولنگ جاری

اتوار 26 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حلقہ این اے 193 راجن پور میں پولنگ مقررہ وقت صبح 8 شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفہ کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

ضلع راجن پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 79 ہزار 204 ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 ہے۔ جبکہ 1 لاکھ 72 ہزار 709 خواتین ووٹرز ہیں۔

ضلع میں 237 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ جن میں 80 مردانہ، 77 عورتوں کے۔ 80 مشترک اور 3 امپرووائزڈ پولنگ سٹیشن ہیں۔ جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 711 ہے۔ جن میں 400 مردوں اور 311 عورتوں کے پولنگ بوتھ ہیں۔

پولنگ سٹیشنوں پر پولیس کے علاوہ پاکستان رینجرز کے 200 جوان بھی بطور کوئیک ریسپانس فورس ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ضلع راجن پور حلقہ این اے 193 میں مجموعی طور پر 11 امیدواران انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے محسن لغاری، ن لیگ کے عمار اویس لغاری، پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی اور دیگر کے درمیان مقابلہ ہے۔

قومی اسمبلی کی یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورِتحال اور تھریٹس کے پیشِ نظر درخواست کی تھی۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے پر سختی سے نمٹا جائے گا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید آلات سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

راجن پور کے عوام سے درخواست ہے کہ بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔ انتخابی عمل کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں الیکشن کمیشن مرکزی و صوبائی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکریٹریٹ اسلام آباد میں تین روز کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول روم یا شکایت سیل میں ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

مرکزی کنٹرول روم 25 فروری سے 27 جنوری تک قائم ہے۔ کنٹرول روم سے سئینر افسران بمع مانیٹرنگ ٹیم تین روز تک بلا تعطل انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کریں گے۔

کنٹرول روم سے انتخابی عمل کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا۔ کنٹرول روم پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا ۔ کنٹرول روم راجن پور میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور مانیٹرنگ ٹیموں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp