خدشہ ہے پی ڈی ایم اور ہینڈلرز سپریم کورٹ کے ججوں پر مزید دباﺅڈالیں گے، عمران خان

پیر 27 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان نے کہا  ہے کہ این اے 193کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی کے بعد خدشہ ہے کہ پی ڈی ایم اور ہینڈلرز سپریم کورٹ کے ججوں پر مزید دباﺅ ڈالیں گے  ۔

اپنے ایک ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوارمحسن لغاری کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر عمران خان کاکہناتھا کہ حکومتی مشینری ، نیوٹرلز اور الیکشن کمیشن سب تحریک انصاف کے خلاف تھے اس کے باجود محسن لغاری نے کامیابی حاصل کی۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے پریشانی ہے کہ اس کامیابی کے بعد پی ڈی ایم اور ان کے ہنڈلرز خوف زدہ ہوں گے اور سپریم کورٹ کے ججوں پر مزید دباﺅ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محسن لغاری نے میدان مار لیا ہے۔

این اے 193 راجن پور کا میدان پاکستان تحریک انصاف نے مار لیا

راجن پور کے حلقہ این اے 193 کے ضمنی انتخابات میں تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد محسن لغاری 90,392 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔

دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کے عمار احمد خان لغاری نے 55,218 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اختر حسین خان گورچانی 20,074 ووٹ حاصل کر کے تیسرے، تحریک لبیک پاکستان کے محمد احمد 3,961 ووٹ کے ساتھ چوتھے اور آزاد امیدوار خادم حسین 1,670 ووٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp