اگر مگر کا کھیل ختم: پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر تمام، کل وطن واپسی

ہفتہ 11 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ کے عالمی مقابلے بھارت میں جاری ہیں، پاکستان ورلڈ کے سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے اور اب اگر مگر کا کھیل بھی ختم ہو گیا۔ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد واپسی کا ٹکٹ کٹوائے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم آج کے میچ کے بعد کل بھارت سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی اتوار کی صبح بھارت سے دبئی پہنچیں گے جبکہ کچھ شام کے وقت کی فلائٹ سے دبئی کے لیے اپنا سفر کریں گے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی دبئی سے اپنے اپنے شہروں کی فلائٹ لیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم آج انگلینڈ کے خلاف اپنا میچ کھیل رہی ہے، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کوجیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے ضروری تھا کہ یہ ہدف وہ 6.4 اوور میں حاصل کر کے (جو کہ ناممکن تھا) سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے۔

قومی ٹیم کی آج کے روایتی میچ میں ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ انگلینڈ بھی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکا ہے، اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر قومی کرکٹ ٹیم پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ نے آج کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے 84 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، اس کے علاوہ ڈیوڈ ملان 31، جونی بیئر اسٹو 59، جوروٹ 60، ہیری بروک 30، جوز بٹلر 27 اور معین علی نے 8 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اچھا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے، انگلش کپتان

قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اچھا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، بابر اعظم

اس موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ارادہ تھا، لیکن اب بولنگ کرتے ہوئے کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کو محدود رنز تک روک سکیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں 8، 8 میچز کھیلے ہیں جن میں سے پاکستان نے 4 جبکہ انگلینڈ نے 2 میچوں میں فتح حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp