نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے نامزد نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔

گورنرہاؤس پشاور میں نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے بطور نگراں وزیراعلیٰ ان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان، میئر پشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگراں صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور، کمشنر پشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے تھے۔

گورنر حاجی غلام علی نے گزشتہ روز ہی سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو خط لکھ کر ہدایت کی تھی کہ نئے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر 3 روز میں مشاورت مکمل کی جائے۔

تاہم مشاورتی عمل کے پہلے ہی روز جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

اعظم خان کے انتقال کے بعد نگراں صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی تھی، اب جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ اپنی کابینہ کا اعلان کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp