آپ کے واٹس ایپ یا ایس ایم ایس پر اگر یہ 7 پیغامات آتے ہیں تو ان پر کبھی کلک نہ کریں کیوں کہ یہ ہیکرز کی جانب سے آپ کا ڈیٹا ہیک کرنے کا ایک حربہ ہو سکتے ہیں۔
سیکیورٹی کمپنی میک کیفے (McAfee) نے حال ہی اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے اور7 خطرناک میسج لائنز کی فہرست دی گئی ہے جو جرائم پیشہ افراد یا ہیکرز شہریوں کے آلات ہیک کرنے یا رقم چوری کرنے کے لیے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پر بھیجتے ہیں۔
سیکیورٹی کمپنی میک کیفے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صارفین کو روزانہ ای میل، ٹیکسٹ یا سوشل میڈیا کے ذریعے تقریباً 12 جعلی پیغامات موصول ہوتے ہیں، بعض صارفین نے ان پیغامات پر کلک کیا ہے، انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس تناظر میں یہاں ایسے 7 خطرناک پیغامات کی فہرست دی جا رہی ہے، جن پر آپ کو کبھی کلک نہیں کرنا چاہیے۔
‘آپ نے انعام جیتا ہے‘
اگر آپ کے فون پر یہ مسیج آیا ہے کہ ’ آپ نے انعام جیتا ہے ‘ تو اس بات کا 99% امکان ہے کہ موصول ہونے والا پیغام ایک فراڈ ہے اور اس کا مقصد وصول کنندگان کی اسناد یا رقم چوری کرنا ہے۔
’ملازمت کی جعلی پیشکش‘
اگر آپ کو واٹس ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے کسی کمپنی کی جانب سے نوکری کا پیغام یا نوٹیفکیشن آئے تو سمجھیں کہ یہ ایک خطرناک پیغام ہے۔ یاد رکھیں نوکری کی پیشکش کبھی WhatsApp یا SMS پر نہیں آتی۔ کوئی بھی پروفیشنل کمپنی ان پلیٹ فارمز پر آپ سے کبھی رابطہ نہیں کرے گی، لہذا یہ ایک یقینی فراڈ ہے، اس کلک کرنے سے اجتناب کریں۔
’یو آر ایل کے ساتھ بینک الرٹ پیغامات‘
ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پر موصول ہونے والے بینک الرٹ پیغامات جو صارفین کو پیغام میں یو آر ایل/ لنک کے ذریعے دستاویزات مکمل کرنے کے لیے کہتے ہیں وہ جعلی ہیں، یہ پیغامات بھیجنے والے ہیکرز کا مقصد آپ کے پیسے چوری کرنا ہے۔
’ایسی خریداری کے بارے میں معلومات جو آپ نے نہیں کی ہے‘
اگر آپ کے فون پر کسی اسی خریداری کے بارے میں پیغام یا نوٹیفکیشن آئے یہ بھی جعلی ہے، اس طرح کے پیغامات وصول کنندگان کو کلک کرنے اور ان کے فون ہیک کرنے کے لیے ہیکرز کی جانب سے بھیجے جاتے ہیں۔
نیٹ فلیکس یا اسی طرح کی دیگر ایپس کی OTT سبسکرپشن
سکیمرز اسمارٹ فون صارفین کو Netflix یا دیگر OTT سبسکرپشنز کے ذریعے راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو آپ کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔
جعلی ڈیلیوری کی اطلاع
اگر آپ کو کسی ایسی چیز کی ڈیلیوری بارے میں اطلاعی پیغام موصول ہوتا ہے جو آپ نے کہیں سے منگوائی ہی نہیں تو اس پر ہرگز کلک نہ کریں، کیوں کہ جرائم پیشہ افراد آپ کا ڈیٹا ہیک کرنے کے لیے ایسے پیغامات بھی بھجواتے ہیں۔
ایمیزون سیکیورٹی الرٹ یا اکاؤنٹ اپ ڈیٹس سے متعلق اطلاعی پیغامات
ایمیزون کے سیکیورٹی الرٹ یا آپ کے ایمیزون اکاؤنٹ میں کسی بھی اپ ڈیٹ کے بارے میں اطلاعی پیغامات بھی پھندے ہیں۔ براہ کرم نوٹ کریں کہ ایمیزون یا کوئی بھی ای کامرس کمپنی اس طرح کے اہم الرٹس کے لیے آپ کو SMS یا WhatsApp پر کبھی نہیں پیغام بھیجے گی۔