بلوچستان مردم شماری کیس، ’مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلی کو زبردستی لے جایا گیا‘، وکیل کامران مرتضیٰ

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے بلوچستان مردم شماری کیس میں اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان کو نوٹس جاری کردیا۔ وکیل کامران مرتضی نے بتایا کہ 5 اگست کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان کو زبردستی لے جایا گیا تھا۔ بینچ نے پوچھا کون زبردستی لےکر گیا، اس پر کامران مرتضٰی بولے وزیراعلی بلوچستان تو سو رہےتھے لیکن پھر جہازکے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا۔

جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بلوچستان کی مردم شماری کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے پوچھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خود مشترکہ مفادات کونسل میں بیٹھ کر مردم شماری کی حمایت کی۔

وکیل کامران مرتضی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو 5 اگست کو ہوئے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں زبردستی لے جایا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اجلاس میں جانے سے اعتراض برتتے رہے مشترکہ مفادات کونسل کی تو تشکیل بھی مکمل نہیں تھی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ وزیراعلی کہاں تھے اور کون ان کو زبردستی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں لے گیا؟ کامران مرتضی بولے وزیراعلی بلوچستان تو سو رہے تھے لیکن پھر ان کو جہاز کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 154 کے تحت صرف حکومت نتائج چیلنج کر سکتی ہے۔ وکیل نے کہا کہ آرٹیکل 199 کے تحت مردم شماری کو چیلنج کیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آرٹیکل 199 کو جواز بنا کر آرٹیکل 154 کو غیر مؤثر نہیں کر سکتے۔ عدالت نے قانونی سوالات پر معاونت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp