1996ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی سری لنکا ٹیم کے کپتان اور سری لنکا کرکٹ کے عبوری بورڈ کے چیئرمین ارجنا رانا ٹنگا نے الزام عائد کیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ سری لنکن کرکٹ کو درپیش مسائل کے ذمہ دار ہیں۔
یوٹیوب پر پوسٹ کیے گئے ایک انٹرویو میں رانا ٹنگا نے الزام لگایا کہ جے شاہ کے سری لنکا کرکٹ (SLC) کے عہدیداروں کے ساتھ قریبی تعلق ہیں جس کی وجہ سے وہ (بی سی سی آئی) ایسا سمجھتا ہے کہ وہ سری لنکا کرکٹ کو پامال اور کنٹرول کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
رانا ٹنگا نے کہا، ’جے شاہ سری لنکا کرکٹ چلا رہے ہیں، جے شاہ کے دباؤ کی وجہ سے سری لنکا کرکٹ تباہ ہورہی ہے، بھارت میں ایک آدمی سری لنکا کی کرکٹ کو برباد کر رہا ہے، وہ صرف اپنے والد کی وجہ سے طاقتور ہے جو بھارت کا وزیر داخلہ ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ کی گورننس، ریگولیشن اور انتظامی امور میں سیاسی مداخلت کے باعث اسے معطل کر دیا تھا۔ اس سے قبل بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ مینز ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کی 302 رنز کی شرمناک شکست کے بعد وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام سے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا۔ بورڈ سیکریٹری موہن ڈی سلوا کے استعفیٰ کے اگلے روز ہی وزیر کھیل نے کرکٹ بورڈ کو برطرف کر دیا تھا۔