نواز شریف کی کوئٹہ آمد، اب تک کون کون ملاقات کے لیے پہنچا؟

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف 2 روزہ سیاسی دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

اس وقت کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے جبکہ لیگی قیادت سے ملاقات کے لیے بلوچستان کے صوبائی رہنماؤں کی نجی ہوٹل میں آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

لیگی قیادت سے ملاقات کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کا وفد جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر خالد مگسی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی نجی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔

اس کے علاؤہ ’باپ‘ کے منحرف رہنما جن میں سلیم کھوسہ اور جام کمال خان شامل ہیں نجی ہوٹل میں لیگی قیادت سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے علاوہ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ اور سینیٹر کبیر محمد شہی بھی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ پشتونخوامیپ کے نواب ایاز جوگیزئی، ڈاکٹر حامد اچکزئی، سید لیاقت آغا اور جمعیت کی صوبائی قیادت جن میں مولوی غلام سرور اور عثمان بادینی شامل ہیں میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے لیے پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور مسلم لیگ نواز کی مرکزی قیادت نے بلوچستان کی سیاسی و قبائلی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp