قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو تبدیل کیا جائے گا یا نہیں؟ پی سی بی کا موقف آ گیا

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ترجمان عالیہ رشید نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، کل مکی آرتھر آ رہے ہیں، میٹنگ کے بعد ہی کوئی نتیجہ نکلے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ رشید نے کہا کہ کرکٹ میں میرٹ کو ترجیح دی جائے، چیئرمین پی سی بی مشاورت کر رہے ہیں کہ سابق کھلاڑیوں کو کیا ذمہ داریاں دی جائیں۔

عالیہ رشید نے کہاکہ کرکٹرز ہی کرکٹ کے معاملات کو دیکھیں تو بہتر ہو گا۔ چیئرمین پی سی بی سے سابق کرکٹرز کی ملاقات پر حتمی رائے دینا قبل از وقت ہے۔

انہوں نے کہاکہ بورڈ محمد حفیظ کو ذمہ داری دینا چاہتا ہے، اس کے علاوہ سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کے لیے اچھا انتخاب ہو سکتے ہیں۔ چیئرمین ابھی معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔

عالیہ رشید نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کافی مشکل ہے، زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنا چاہ رہے، ہو سکتا ہے ہمیں بابر اعظم کی طرف سے ہی ان کا فیصلہ مل جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

عالیہ رشید نے کہاکہ وہاب ریاض کے سلیکشن کمیٹی میں آنے کا امکان نہیں۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد یہ بحث ہو رہی ہے کہ آیا کپتان کو تبدیل کیا جائے گا یا نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فوری طور پر بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت کی ہے اور تجویز دی ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے بابر اعظم کو ہی کپتان رہنے دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp