پی ٹی آئی کے کون سے وکلا ٹکٹ کے امیدوار ہیں؟

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم چلانے کی غیر اعلانیہ پابندی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود پارٹی عام انتخابات سے متعلق اس کی تیاریاں جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان خود جاری کریں گے تاہم اس حوالے سے عمر ایوب اور شبلی فراز کو بھی ذمہ داریاں سوپنی گئی ہیں جو ضلعی کمیٹیوں کی سفارشات پر امیدواروں کی فہرست مرتب کرکے پارٹی سربراہ کو پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندیوں کے باعث ماضی کے بیشتر ٹکٹ  ہولڈرز اور ایم این ایز پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے الیکٹبلز کے بجائے نوجوانوں، نظریاتی کارکنوں اور وکلا کو ٹکٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کون سے وکلا ٹکٹس کے امیدوار ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق نہ صرف قومی و صوبائی اسمبلی بلکہ سینیٹ کے لیے بھی وکلا ٹکٹ لینے کے لیے کوشاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق نامور وکلا میں بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، ڈاکٹر بابر اعوان، شیر افضل مروت اور بیرسٹر علی بخاری ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر گوہر علی بونیر سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ کے امیدوار ہیں جبکہ شیر افضل مروت تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے لکی مروت سے انتخابی میدان میں اترنے کے لیے کمر کس رہے ہیں۔

شعیب شاہین اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے ٹکٹ کے امیدوار ہیں جبکہ ڈاکٹر بابر اعوان بھی قومی اسمبلی کی نشست پر پنجہ آزمائی کے خواہش مند ہیں۔

ذرائع کے مطابق علی بخاری بھی اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی نشست حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سینیئر وکیل رہنما حامد خان سینیٹ کا انتخاب لڑنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ شعیب شاہین قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں سینیٹ کے انتخاب میں بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp