پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود کو ٹیسٹ کرکٹ اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ ون ڈے کے کپتان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابراعظم کا استعفیٰ منظور کرنے کے بعد ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتانوں کا اعلان کیا ہے۔
شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی قیادت کریں گے۔
محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپ دی گئی
اس کے علاوہ پی سی بی نے تمام کوچنگ اسٹاف کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی ذمہ داریاں بدلی جا رہی ہیں۔ بورڈ نے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بابر اعظم نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ انہیں وہ وقت اچھی طرح یاد ہے جب سنہ 2019 میں پی سی بی سے فون کرکے پاکستان ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے لیے کہا گیا تھا۔
— Babar Azam (@babarazam258) November 15, 2023
انہوں نے لکھا کہ ان 4 برسوں میں انہوں نے کھیل کے میدان میں اور باہر بھی متعدد اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن پوری دلجمعی اور جذبے کے ساتھ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی عزت و وقار برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ’وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھی تاہم میں قومی ٹیم کے مداحوں کی جانب سے دی جانے والی اسپورٹ پر ان کا شکر گزار ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی کپتان کی حیثیت سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میرے خیال میں اس فیصلے کے لیے یہ ایک موزوں وقت ہے‘۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور اپنے تجربے اور لگن سے نئے کپتان اور ٹیم کی سپورٹ کرتے رہیں گے۔
سابق قومی کپتان نے کہا کہ ’کپتانی کی اہم ذمے داری کے لیے مجھ پر اعتماد کرنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں‘۔