ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود نے پہلی گفتگو میں کیا کہا؟

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نو تعینات کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کو ریڈ بال میں آگے لے کر جائیں گے۔

شان مسعود نے ذمہ داری ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی ہے۔

شان مسعود نے کہاکہ پاکستان کو ریڈ بال کرکٹ میں آگے لے جانے کے لیے محنت کریں گے، اہم ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، یقیناً قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

واضح رہے کہ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث کپتان بابراعظم نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا ہے۔

سابق کپتان بابر اعظم نے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے اپنے استعفے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آج میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی کپتان کی حیثیت سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میرے خیال میں اس فیصلے کے لیے یہ ایک موزوں وقت ہے‘۔

بابر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور اپنے تجربے اور لگن سے نئے کپتان اور ٹیم کی سپورٹ کرتے رہیں گے۔

سابق قومی کپتان نے کہا کہ ’کپتانی کی اہم ذمے داری کے لیے مجھ پر اعتماد کرنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp