پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر کپتان کی تبدیلی کے ساتھ ٹیم مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پراکھاڑ پچھاڑ کر دی ہے۔
شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مقرر
بابر اعظم کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ ٹیم کے لیے شان مسعود اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے شاہین شاہ آفریدی کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ون ڈے کے کپتان کا اعلان مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اس سے قبل بابر اعظم نے سوشل میڈیا کے ذریعے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوتے ہوئے کہاکہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میرے خیال میں اس فیصلے کے لیے یہ ایک موزوں وقت ہے۔
بابر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور اپنے تجربے اور لگن سے نئے کپتان اور ٹیم کی سپورٹ کرتے رہیں گے۔
غیرملکی کوچنگ اسٹاف کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا
پی سی بی نے غیرملکی کوچز کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے، اب تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام جاری رکھیں گے جبکہ پی سی بی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والی سیریز کے لیے مقررہ وقت پر نئے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کرے گا۔
محمد حفیظ قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر دیا ہے۔ ’اس سے قبل مکی آرتھر اس عہدے پر تعینات تھے جنہیں ہٹا دیا گیا ہے‘۔
محمد حفیظ اس سے قبل پی سی بی میں ٹیکنیکل کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ سے قبل عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں تفویض
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے مشن ورلڈ کپ کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سابق کرکٹر توصیف احمد کو عبوری چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ انضمام الحق نے 30 اکتوبر کو عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے مختلف باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا۔
انضمام الحق نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔
سہیل تنویر جونیئر ٹیم کی سلیکشن کریں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر ٹیم کی سلیکشن کے لیے سابق کرکٹر سہیل تنویر کو چیئرمین کی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔