فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب اور پاکستان آج مد مقابل ہوں گے

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب اور پاکستان 2026 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 میں آج مد مقابل ہوں گے، سعودی عرب فیفا رینک میں 57ویں نمبر پر جبکہ پاکستان 193ویں نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستان پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے راؤنڈ 2 میں حصہ لے رہا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9:30 بجے سعودی عرب کے شہر دمام کے عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سعودی فٹبال ٹیم کے ٹرینر روبرٹو مانشی نے کہا کہ پاکستان سے ہونے والے میچ کے لیے سعودی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ ہمارا پہلا باقاعدہ میچ ہو گا، کسی بھی میچ کا آغاز یقیناً مشکل ہوتا ہے تاہم پوری کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور میچ  میں پوائنٹ حاصل کرنے کو یقینی بنائیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی فٹبال ٹیم انتہائی مضبوط ٹیم ہے جس نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دی تھی لیکن فیفا ورلڈ کپ  2026 کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی ٹیم سعودی عرب سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

کوچ کانسٹینٹائن نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان ٹیم نے کمبوڈیا کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں 1-0 سے فتح حاصل کی جو 3 دہائیوں میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی جیت تھی، پہلا مرحلہ جیتنے کے بعد اب پاکستان کا دوسرے راؤنڈ میں سعودی عرب، تاجکستان اور اردن سے مقابلہ ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ورلڈ فٹبال کپ 2026 اور ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال ٹیموں کے مابین مقابلے کے لیے شائقین پرجوش ہیں، اور مقامی میڈیا کی دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے۔ فٹبال کے سعودی شائقین اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جمعرات کو الفتح کلب اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں غیرمعمولی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

میچ کہاں کہاں پر دیکھا جا سکتا ہے؟

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فٹ بال مقابلہ پاکستان نیشنل اسپورٹس چینل پی ٹی وی پر دیکھا جا سکے گا، اس کے علاوہ سعودی عرب کے اسپورٹس چینل ایس ایس سی پر بھی دیکھا جا سکے گا۔ بنگلہ دیش میں بھی رات 10:30 بجے پی ٹی وی اسپورٹس پر شائقین میچ دیکھ سکیں گے۔

دونوں ٹیموں کے ممکنہ پلیئنگ الیون 

سعودی پلیئنگ الیون میں محمد الاویس، سلطان الغنم، علی لاجامانی، عبداللہ البولیاحی، یاسر الشہرنی، عبداللہ الہمدان، عبداللہ الخبیری، کنو، سلیم الادوساری، سلمان الفجر اور صالح الاشہری شامل ہیں۔

پاکستان کے پلیئنگ الیون میں یوسف بٹ، محمد حیات، عیسیٰ سلیمان، عبداللہ اقبال، جنید شاہ، معین احمد، علی خان، رئیس نبی، شائق دوست، فرید اللہ اور محمد وحید شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp