کسی کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے بجائے مجھے موقع دیا جائے، بلاول بھٹو

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے بجائے عوام مجھے موقع دیں، وعدہ کرتا ہوں مایوس نہیں کروں گا۔ پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی ہوئی ہیں، اب ان کو چاہیے کہ وہ آرام کریں۔ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو زمینی حقائق کا اندازہ ہی نہیں ہے، اگر قوم کو مسائل سے نکالنا ہے تو نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود مسائل کا حل مشکل نہیں ہے بس قیادت کی نیت صاف ہونی چاہیے۔ 5 سال کا پلان مرتب کرنا ہے جس کے اندر غربت کو مٹانا، تنخواہ دار طبقے کی تنخواہ میں اضافہ کرنا اور معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا شامل ہوگا۔ کیونکہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آچکی ہے۔

’ہمارے منشور اور نظریے میں تمام مسائل کا حل ہے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر عوام ہمیں کسی اور کو منتخب کرنا چاہتی ہے تو عوام کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے، کیونکہ لاڈلہ بننا ہے تو عوام کا لاڈلہ بننا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی کا سب سے بڑا دشمن وہی پرانی سیاست ہے، جب تک آپ کے ووٹ کو عزت نہیں دی جائے گی پاکستان کبھی ترقی نہیں کر سکتا ہے۔

ایبٹ آباد میں جلسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا کا دورہ کررہے ہیں، ہمارےکارکنان نے کنونشن کو تاریخی کنونشن بنادیا ہے پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ 3 نسلوں سے ہے۔ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو نام اور حقوق دیے، ب این ایف سی متعارف کروایا، ہماری حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کام کیے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم ذوالفقاربھٹو اور بی بی شہید کا خواب پورا کریں گے، موجودہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم عوام کا مستقبل عوام کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ ہمیں غریب آدمی کا کیسے خیال رکھنا ہے۔ پیپلزپارٹی مزدور کارڈ  لے کر آئے گی، جس کے ذریعے غریب آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچائیں گے۔

بلاول زرداری نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور ماڈرن ریاست بنے، پرانی سیاست اور پرانے سیاستدانوں کو گھر بیٹھانا ہوگا، ہمیں نئی سیاست کے ساتھ نئی قیادت کی ضرورت ہے، آپسی لڑائیاں چلتی رہی تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہمارا چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک ہی مسئلہ تھا، عوام کا فیصلہ عوام کا ہی ہونا چاہیے، عوام جس کو بھی چنتے ہیں فیصلہ سر آنکھوں پر رکھنا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دوستوں سے کہتا ہوں کہ اپنا منشور لاکرعوام کی سیاست کریں، ہم پرانی سیاست کو دوبارہ سے قبول نہیں کریں گے، اپنی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اس لیے کہیں اور نہیں دیکھ رہا، پیپلزپارٹی عوام پر یقین رکھتی ہے، ہم اپنی قسمت کافیصلہ عوام پرچھوڑتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مسائل بہت زیادہ ہیں اور حل بھی عوام کے ہاتھ میں ہے، پیپلزپارٹی ہر جگہ جا کر اپنے منشور کی بات کرے گی، وفاق میں وزیراعظم اور کے پی کا وزیراعلی جیالا ہوگا، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام پر بھروسہ کر کے الیکشن لڑتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp