ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 250 ملین ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے 250 ملین ڈالرز (اڑھائی ارب ڈالر) قرض کی منظوری دے دی ہے۔

جمعہ کو اے ڈی بی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی پاکستان کے پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبوں میں بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کی وسعت اور بہتری کے ذریعے بجلی کی قابل اعتماد فراہمی میں مدد  فراہم کرے گا۔

اے ڈی بی کا پاور ٹرانسمیشن کو بہتر بنانے کا منصوبہ قومی گرڈ کی ترسیل کی صلاحیت کو بڑھا کر اس کے استحکام کو تقویت دینے میں مدد دے گا۔

منصوبے کےتحت 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کے لوپ بند اور پرانی ٹرانسمیشن لائنوں کو تبدیل کر کے پنجاب میں لاہور شہر میں ٹرانسمیشن کے نقصانات کو کم کیا جا سکے گا۔

 وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی ضروری ہے جو دیہی علاقوں کو اقتصادی مواقع بھی فراہم کرے گی۔

یہ منصوبہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈیسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے لیے اے ڈی بی کے جاری تعاون کی تکمیل کرے گا جس کا مقصد سستی توانائی کی ترسیل کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

 اے ڈی بی کا منصوبہ این ٹی ڈی سی کے پراجیکٹ اور مالیاتی انتظام کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی اور آپریشنز میں موسمیاتی تبدیلی کو شامل کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔

 اے ڈی بی کی سینئر انرجی سپیشلسٹ تکمینہ مکمادووا نے کہا ہے کہ صنفی مساوات اور توانائی کے شعبے میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیےاے ڈی بی رہنما اصول تیار اور آگاہی مہم چلائے گا۔

ادارہ بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی میں خواتین عملے کو تکنیکی تربیت فراہم کرے گا۔

اس پروجیکٹ کے تحت دیہی علاقوں میں خواتین کے لیے ان کے معاشی مواقع کو بہتر بنانے کے لیے ذریعہ معاش کی مہارتوں کی نشوونما اور مقامی کمیونٹیز کے لیے تربیت بھی شامل ہے تاکہ وہ آب و ہوا سے پیدا ہونے والے قدرتی خطرات کا مقابلہ کر سکیں۔

 اے ڈی بی نے 1966 سےپاکستان میں جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے، توانائی اور خوراک کی حفاظت، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور سماجی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے قرضوں، گرانٹس اور فنانسنگ جیسے شعبوں میں 52 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔

اے ڈی بی انتہائی غربت کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک خوشحال، جامع، لچکدار اور پائیدار ایشیا اور بحرالکاہل کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp