ایف آئی اے کی کارروائی، کرنسی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان سے بھاری ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کراچی زون کی تحقیقاتی ٹیم نے غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے۔

ترجمان ایف آئی کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل جاوید بلوچ کی نگرانی میں بولٹن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی جس کے نتیجے میں غیرملکی کرنسی کی غیرقانونی خریدوفرخت میں ملوث مبینہ 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں احمد رضا اور فیضان رضا شامل ہیں جوپرائز بانڈ کے کاروبار کی آڑ میں غیرملکی کرنسی کی خریدوفرخت میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مبینہ  ملزمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی منظوری کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ مبینہ ملزمان کے قبضے سے 30 سے زیادہ ممالک کی درج ذیل کرنسی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

 ایف آئی اے کی جانب سے جاری تفصیل کے مطابق مبینہ ملزمان سے پاکستانی 800,000 روپے، 1,50,000 مالیت کے پرائز بانڈ، 4,500 ہندوستانی روپے، 5,000 تھائی بھات، 600,000 انڈونیشین روپے، 2,000 افغانی، 1,700,000 ویتنامی ڈونگ، 8,000 موزمبیق کرنسی، 1,400 فلپینو کرنسی، 2,000 ملائیشین رنگیٹ، 4,800,000 ایرانی ریال، 24,000 ازبیک، 3,500 عراقی ریال، 40 روسی منات، 600 کینیا شینگ روپےشامل ہیں۔

اسی طرح 500 سعودی ریال، 150 قطری ریال، 50  سوئس فرانک، 50 ناروے، 500,000 جنوبی کوریا، 50 جرمن مارک، 500 میپ ڈوس روپے، 250 مصری پاؤنڈ، 2,000 کوسٹا ریکا، 1,000 لبنیس، 20 اسماعیل شیخ، 900 نیپالی روپے، 30 ہانگ کانگ ڈالر، 03 بحرین دینار، 40 پاؤنڈ، 20 یورو، 500 شامی پاؤنڈ بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق مبینہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp