پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا آغاز کب کرے گی؟

اتوار 19 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آئندہ عام انتخابات میں الیکشن مہم کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ایک طرف پارٹی کی سینیئر قیادت مختلف مقدمات کا سامنا کر رہی ہے جبکہ پارٹی کو جلسے اور ورکرز کنونشن کے انعقاد میں بھی بظاہر رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔

اس ساری صورتحال میں پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کے لیے تیاریاں بھی کر رہی ہے جس میں سب سے بڑا ٹاسک اپنے امیدواروں کو فائنل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا اعلان الیکشن کمیشن کے فیصلوں سے مشروط کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا محفوظ فیصلہ سنائے جانے اور عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹائے جانے کے کیس کے فیصلہ کا انتظار کیا جا رہا ہے‘۔

وی نیوز کو باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی میں اس وقت یہ خدشہ پایا جارہا ہے کہ اگر عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹا دیا گیا تو چیئرمین کی جانب سے جاری کیے گئے تمام ٹکٹس غیر موثر ہوجائیں گے اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو پارٹی کے انتخابی نشان کے بجائے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنا ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نشان الاٹ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے تاہم متعدد درخواستوں کے باوجود فیصلہ نہیں سنایا گیا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیش اور پشاور ہائیکورٹ میں عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواستیں بھی زیر التوا ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان آئندہ عام انتخابات کے لیے خود پارٹی ٹکٹس جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

اس حوالے سے سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب کو امیدواروں کی فہرست مرتب کرنے اور اپنی رپورٹ چیئرمین کو پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلعی کمیٹیوں سے ممکنہ امیدواروں کی فہرست پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو فراہم کرنے کی بھی ہدایات دیدی گئی ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹس پر متعدد وکلا بھی انتخابی میدان میں اترنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp