کیپٹن صفدر کے پشاور میں ڈیرے: کیا ن لیگ عوامی نیشنل پارٹی سے انتخابی اتحاد کر رہی ہے؟

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے داماد اور پارٹی رہنما کیپٹن صفدر نے لیگی قائد کے متوقع دورہ خیبر پختونخوا سے قبل پشاور میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور اہم سیاسی ملاقاتوں میں مصروف نظر آتے ہیں، اس سلسلہ میں انہوں نے پشاور کے اہم اور بااثر سیاسی خاندان کے سربراہ غلام احمد بلور سے ملاقات کی ہے۔

مذکورہ ملاقات میں ن لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام اور سابق گورنر ظفر اقبال جھگڑا بھی موجود تھے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ثمر ہارون بلور بھی موجود تھیں۔

ثمر ہارون بلور نے وی نیوز کو بتایا کہ کیپٹن صفدر کی آمد اور ملاقات سیاسی تھی جس میں مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، انہوں نے تصدیق کی کہ کیپٹن صفدر دراصل نواز شریف کا پیغام لے کر آئے تھے جو غلام احمد بلور تک پہنچا دیا گیا ہے۔

’نواز شریف اگلے دس دونوں کے اندر پشاور کا دورہ کرنے والے ہیں جس کے دوران وہ غلام احمد بلور اور پارٹی قیادت سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں جس میں ممکنہ انتخابی اتحاد پر بات چیت ہو گی ۔‘

کیا ن لیگ اور اے این پی انتخابی اتحاد ممکن ہے؟

ثمر ہارون بلور سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کی عوامی نیشنل پارٹی ن لیگ سے اتحاد کرے گی تو ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد کسی سیاسی بھی جماعت کے ساتھ ممکن ہے، اے این پی کی نظریں الیکشن پر ہیں، جس کے لیے زور شور سے مہم جاری ہے۔

ابھی تک اتحاد کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے تاہم اتحاد ممکن ہے، ثمر ہارون بلور

’ابھی تک اتحاد کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے تاہم اتحاد ممکن ہے، دیکھنا پڑے گا دوسری جماعت کیا چاہتی ہے، ہم عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے خواہاں ہیں، سیاسی اتحاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی مکمل مشاورت کے بعد کرے گی۔‘

ثمر ہارون نے مزید بتایا کہ ن لیگ کے علاوہ بھی دیگر جماعتوں سے  بالواسطہ رابطہ ہے لیکن کوئی براہ راست بات چیت نہیں ہوئی ہے، کسی جماعت کا نام لیے بغیر انہوں نے بتایا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اے این پی کے ساتھ سیاسی اتحاد کرنا چاہتی ہیں، تاہم ابھی تک اس ضمن میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

اے این پی ن لیگ اتحاد سے فائدہ کس کو ہو گا؟

ن لیگ کے سینئر رہنما نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ نواز شریف مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں، جس کے لیے وہ دن رات کام کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے بعد نواز شریف پشاور آئیں گے۔

صوبے میں اپنے قیام کے دوران نواز شریف پارٹی رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین سے بھی ملاقات کریں گے اور قوی امکان ہے کہ کچھ اہم شخصیات ن لیگ میں شمولیت کا بھی اعلان کریں، جن سے بات چیت جاری ہے اور نواز شریف کے دورے سے قبل معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

لیگی رہنما نے مزید بتایا کہ اسی تناظر میں کیپٹن صفدر نے اہم ملاقاتیں کی ہیں اور میاں نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔’اس بار نواز شریف مین اسٹریم کے بجائے چھوٹی سیاسی اور صوبے کی سطح تک سرگرم سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کے خواہشمند ہیں، جن سے انہیں قومی اسمبلی میں زیادہ نشستوں کے حصول میں آسانی ہو، ہماری ترجیح قومی اسمبلی ہے اور اتحاد میں اس بات کا خاص خیال رکھا جا جائے گا۔‘

ان کا موقف تھا کہ پی پی پی، جے یو آئی یا دیگر مین اسٹریم جماعتوں کے بجائے اے این پی سے اتحاد ن لیگ کے لیے اور اے این پی کے لیے بھی فائدہ مند ہے، جس سے ای این پی کو صوبائی نشستوں پر جبکہ ن لیگ کو قومی اسمبلی کی نشستوں پر ووٹ ملے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی قیادت کو صوبے میں پارٹی کی موجودہ پوزیشن کا بھی اندازہ ہے، جو اندورنی اختلافات کے باعث مسائل سے دوچار ہے، یہی وجہ ہے کی قیادت کو بھی اس کا ادراک ہے کہ انتخابی اتحاد کے بغیر الیکشن میں جانا ان کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔

کیپٹن صفدر ناراض لیگی قائدین سے ملنے میں مصروف

نواز شریف کی وطن واپسی اور الیکشن کے اعلان کے بعد ن لیگ کو خیبر پختونخوا کے ناراض قائدین اور کارکنان کی یاد آگئی اور انہیں منانے اور پارٹی کو صوبے میں منظم کرنے کے لیے کیپٹن صفدر کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، وہ صوبے میں پارٹی کو منظم کرنے اور ناراض قائدین اور کاکنان کو منانے میں مصروف ہیں۔

کیپٹن صفدر سینئر ناراض لیگی رہنما اور سابق گورنر انجینئر ظفر اقبال جھگڑا کو منانے میں بھی کامیاب رہے ہیں، ظفر اقبال جھگڑا صوبائی صدر امیر مقام کے حوالے سے تحفظات رکھتے تھے، تاہم کیپٹن صفدر سے ملاقات کے بعد تمام گلے شکوے دور ہو گئے اور دونوں ناراض لیگی رہنماؤں نے معانقہ بھی کیا۔

پی پی پی کی سابق رہنما عاصمہ عالمگیر کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت

کیپٹن صفدر کی قیادت میں ن لیگی وفد نے وقت ضائع کیے بغیر دو دن قبل پی پی پی سے مستعفی عاصمہ عالمگیر اور ان کے شوہر سے اہم ملاقات کی جس میں سیاسی صورت حال پر بات کی گئی، اندورنی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر نے پشاور کے بااثر سیاسی خاندان کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی ہے، ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر نے بتایا کہ نواز شریف کے دورہ پشاور کے دوران یہ سیاسی جوڑا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp