پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز عتیق الزماں کو جرمنی کی قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
عتیق الزماں کی تعیناتی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب جرمنی کی قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائیرز کی تیاریوں میں مصروف ہے جو موسم گرما میں آئرلینڈ میں منعقد ہوں گے۔
جرمنی میں ڈوئچے کرکٹ بورڈ ہائی پرفارمنس پروگرام کی تیاری بھی عتیق الزماں کی نئی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔
The DCB is pleased to announce former Test & ODI Pakistani player @Atiq160Test as the new men’s Head Coach
Read about it here 👇https://t.co/jCM4shMuWk pic.twitter.com/3T6GLW0ygt
— Cricket Germany (@Cricket_Germany) February 27, 2023
جرمن کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے عتیق الزماں ایک سابقہ پاکستان ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر ہیں جو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں بالترتیب کاؤنٹی اور گریڈ کرکٹ بھی کھیل چکے ہیں۔
’ایلیٹ کرکٹ کوچنگ اور کرکٹ کے کھیل میں ان کی شمولیت ہمارے کھلاڑیوں اور کوچنگ عملہ کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔ ان کی تربیت سے ہمیں اپنے موجودہ قومی اور انڈر نائنٹین اسکواڈز کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ جرمن کرکٹ میں عمومی ٹیلنٹ کو فروغ دیا جاسکے گا۔‘
عتیق الزماں نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیلے ہیں ۔ عتیق الزمان پاکستان اور انگلینڈ میں ڈومیسٹک اور ہائی پرفارمنس کوچنگ کر چکے ہیں۔ وہ پی سی بی کے ہائی پر فارمنس سینٹر میں بھی کام کر چکے ہیں ۔