آئندہ انتخابات 2018 سے بہت بہتر ہوں گے، خواجہ آصف

منگل 21 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات 2018 سے بہت بہتر ہوں گے ، ہر بندہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا اپنا مطلب نکال رہا ہے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہی ہے کہ جو بھی الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اس کو برابر کے مواقع ملنے چاہئیں۔

سابق وفاقی وزیر دفاع و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی ہے، ہر بندہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا اپنا مطلب نکال رہا ہے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہی ہے کہ جو بھی الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اس کو برابر کے مواقع ملنے چاہئیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا پی ٹی آئی کو برابری کا موقع مل رہا ہے ؟ جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی رکن کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا گیا، اس کے کسی رکن کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے نہیں روکا گیا ۔

خواجہ آصف سے صحافی نے سوال کیا کہ آئندہ انتخابات 2018 جیسے ہی ہوں گے یا مختلف ہوں گے؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018 سے بہت بہتر ہوں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ایک سیاسی جماعت کے ساتھ اتنا کچھ ہو رہا ہے پھر بھی الیکشن بہتر ہوں گے؟ خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعت کا لیڈر اندر ہے ، اس جماعت کے باقی رہنما باہر ہیں، ہمارے اور اس سیاسی جماعت کے سیاسی کلچر میں فرق ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان میں پرویز مشرف کے دور میں اور پھر عمران خان کے دور حکومت میں بھی اس طرح ہُو کا عالم نہیں تھا جس طرح آج پی ٹی آئی نے خاموشی اختیار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صف اول کی لیڈر شپ خاموش ہے، اگر پی ٹی آئی کے لوگ خود اپنے لیڈر کو چھوڑ گئے ہیں اور اپنے رویے پر پشیمان ہیں تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟

سابق وزیر دفاع نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ذاتی تعلق ہے، اس لیے وہ ان سے متعلق بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

صحافی نے خواجہ آصف سے ایک اور سوال کیا کہ اقتدار میں آ کر قومی مجرموں کا احتساب کریں گے؟ تو انہوں نے جواب میں کہا کہ ’بالکل کریں گے،جو آپ کہیں گے وہ کریں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp