اُمید نہیں کہ عمران خان سائفر کیس سے باہر آئیں گے، علیمہ خان

بدھ 22 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی اُمید نہیں ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس سے باہر آئیں گے۔ ’انہوں‘ نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل سے نہیں نکالنا۔

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان لیڈر ہیں اور وہی پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں۔ جیل میں رہے یا باہر وہ ہی لیڈر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام انہیں سپورٹ کر رہا ہے، ہمیں عدلیہ اور ججز سے ناامید نہیں ہونا چاہیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑا زبردست فیصلہ دیا کہ جیل ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی۔ پارٹی کے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کروں گی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے بخشی خانے میں ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر عظمیٰ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں بالکل ٹھیک ہیں، بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp