پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، ہنڈریڈ انڈیکس نیا ریکارڈ بناتے ہوئے نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا۔ کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 7 سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس 58 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
پاکستانی روپے نے بھی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی آئی ہے، آج ڈالر 19 پیسے سستا ہو کر 2 سو 85 روپے 60 پیسے کا ہوگیا جو گزشتہ روز 2 سو 85 روپے 79 پیسے پر بند ہوا تھا۔
مزید پڑھیں
اسٹاک ایکسچینج پر گہری نظر رکھنے والے معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا اگر تقابلی جائزہ لیا جائے دنیا کی اسٹاک مارکیٹس سے یہ انتہائی سستی مارکیٹ ہے، جس کی وجہ سے انویسٹرز کی نظریں ہمیشہ اس پر لگی رہتی ہیں۔ اب آئی ایم ایف سے معاملات کی بہتری اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بہتر کارکردگی کے باعث لگ یہ رہا ہے کہ پاکستانی معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ٹھہراؤ کی کیفیت میں ہے، جس کی بدولت دنیا میں اچھا پیغام جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار اس طرف آرہے ہیں جو مثبت کارکردگی کا پیش خیمہ ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق کہ فارن انویسٹمنٹ میں 7 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو خوش آئند ہے اور دوسری جانب ڈالر بھی ٹھہراؤ کی طرف اشارے دے رہا ہے۔، بظاہر پالیسی میں تسلسل ہے اور یہ چیزیں سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال کر رہی ہیں جس کے باعث معیشت کے تمام اشاریے حرکت میں دکھائی دے رہے ہیں۔