اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم مگر کیا مہنگائی میں کمی ہوگی؟

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ہنڈریڈ انڈیکس میں آج بھی نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، آج ٹریڈنگ کے دوران پہلی بار ہنڈریڈ انڈیکس 63600 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈریڈ انڈیکس 600 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 63554 پوائنٹس کی حد پر ٹریڈ ہو رہا ہے مگر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مسلسل اچھی کارکردگی بھی مہنگائی کو کم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ معاشی ماہرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ آئندہ 2 ماہ میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔

معاشی ماہر شہریار بٹ کا اس صورت حال کے حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہونے جا رہا ہے، نیپرا نے 3 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی ہے جبکہ گیس کی قیمتوں میں137 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

مزید پڑھیں

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کراچی میں احتجاج بھی کیا گیا، گیس کی بڑ‎ھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مہنگائی میں ایک سے 2 ماہ میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملے گا اور بڑھتی ہوئی قیمتیں انڈسٹری پر بھی منفی اثرات مرتب کریں گی۔

معاشی ماہر محسن مسیڈیا کے مطابق بیرونی قرضوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ماہ اکتوبر کے اختتام پر پاکستان کا بیرونی قرضہ 62483 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا، مقامی سطح پر پاکستان نے 711 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے ہیں، اس اضافے سے آئندہ سال مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ صورت حال معیشت کے لیے بہتر اشارہ نہیں ہے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے ماہرین کہتے ہیں کہ مستقل بہترین کارکردگی دیکھنے کو مل رہی، جس طرح سرمایہ کار خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں اس س یہی ظاہر ہو رہا ہے کہ مارکیٹ مزید بہتری دکھائے گی لیکن کبھی بھی کسی مارکیٹ میں مسلسل بہتری نہیں رہتی، اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور یہاں بھی ہمیں ایسا ہی دیکھنے کو ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp