سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے رانی پور میں پیر کی حویلی میں تشدد سے کمسن ملازمہ کے قتل میں نامزد ملزم فیاض شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ سکھربینچ کے 2 رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو سنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ رانی پور میں پیر کی حویلی میں کمسن ملازمہ فاطمہ تشدد سے جاں بحق ہو گئی تھی۔
مزید پڑھیں
کمسن ملازمہ کے قتل میں نامزد ملزمان پیر اسد شاہ، فیاض شاہ، حنا شاہ اور کمپاؤنڈرفیاض جیل میں ہیں۔
کمسن ملازمہ قتل کیس انسداد دہشت گردی عدالت خیرپورمیں زیرسماعت ہے۔
یاد رہے کہ 16 اگست کو رانی پور میں ایک پیر کی حویلی میں کام کرنے والی کمسن ملازمہ کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔
لواحقین نے اس وقت موقف اختیار کیا تھا کہ انہیں فون پر بتایا گیا کہ بچی پیٹ میں درد کی وجہ سے انتقال کرگئی ہے۔
دوسری جانب اس کیس میں پولیس نے حتمی چالان عدالت میں جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کےمطابق فاطمہ کی موت تشدد سے ہوئی۔
پولیس نے چالان میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمہ حنا شاہ بچی پر وائپر، شاور اور دیگر چیزوں سے تشدد کرتی تھی جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔