لاہور پر مصنوعی بارش: کتنے جہاز استعمال ہوں گے اور کتنا خرچ آئے گا؟

جمعرات 23 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انوائرمینٹل کمیشن پنجاب کے رکن ڈاکٹر منور صابر نے کہا ہے کہ اگر لاہور میں اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش کا اہتمام کیا جاتا ہے تو پاکستان وہ پہلا ملک ہوگا جو آلودگی ختم کرنے کے لیے یہ اقدام کرے گا۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر منور صابر نے بتایا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں 2 گھنٹے کی مصنوعی بارش کروانے کے لیے 5 سے 10 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔

ڈاکٹر منور صابر کا کہنا تھا کہ جتنی اس وقت لاہور کے اندر سموگ ہے اسے ختم کرنے کے لیے مصنوعی بارش کروانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج سے 20 سال قبل پاکستان اپنے مختلف مقامات پر مصنوعی بارش کروانے کے تجربے کر چکا ہے اور یہ تقریباً 75 سال پرانی ٹیکنالوجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں مصنوعی بارش کروانے کے لیے 27 نومبر تا 30 نومبر موزوں تاریخیں ہیں کیوں کہ اس میں ہوا اور بادلوں کا درجہ حرارت مائنس 7 کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی بارش کے لیے جہاں تک موزوں وقت کا تعلق ہے تو وہ علی الصبح ہوتا ہے۔

ڈاکٹر منور صابر کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی اتنی بہتر ہوچکی ہے کہ اگر بڑے ڈرون ہوں اور آپ بجلی کا نگیٹیو چارج بھی بادلوں کو ماریں تو بادل برسنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

لاہور میں مصنوعی بارش کے لیے کتنے جہاز استعمال ہوں گے؟

ڈاکٹر منور صابر نے بتایا کہ ایک فوکر جہاز میں ٹنکی لگا کر اس کے اندر برف یا نمک ڈال کر فضا میں اڑایا جائے اور پھر اس کا چھڑکاؤ شہر بھر میں کروایا جائے جس سے نمی پیدا ہوگی اور بادل برس پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک جہاز لاہور شہر میں اڑایا جاتا ہے تو پورے شہر میں مصنوعی بارش کروانے کے لیے 2 گھنٹے لگیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کو چاہیے کہ ایئر فورس سے رابط کرے اور 10 جہاز منگوا لے تو پورا لاہور مصنوعی بارش سے نہا جائے گا۔

ایسی ٹیکنالوجی ہے جس سے بارشیں بڑھائی اور کم کی جاسکتی ہیں

ڈاکٹر منور صابر کا کہنا تھا کہ چین نے سنہ 2008 میں جب اولمپکس کروائے تھے تو اس کی افتتاحی تقریب میں بارش کا اندیشہ تھا جس پر چین نے راکٹ جس کے اندر کچھ بارود اور نمک تھا شہر کے مضافات میں اڑائے جس کی وجہ سے صبح برسنے والے بادل رات کو ہی برس گئے اور تقریب کے وقت بارش نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے اخراجات امیر ملک برداشت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس راکٹ ٹیکنالوجی بارشیں بڑھائی بھی جاسکتی ہیں اور انہیں گھٹایا بھی جاسکتا ہے۔

ایک مصنوعی بارش دوبارہ کب ہو سکتی ہے اور نقصانات کیا ہیں؟

ڈاکٹر منور صابر نے بتایا کہ اگر نمک کا چھڑکاؤ کیا جائے تو اس سے کوئی زیادہ نقصان نہیں ہوتا ہاں  فصلوں پر تھوڑا بہت اثر پڑسکتا ہے لیکن اگر برف سے یہ تجربہ کریں تو بیماریاں یا کوئی اور نقصان نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایک دفعہ مصنوعی بارش ہو جاتی ہے اور اسموگ ختم ہوجاتی ہے تو 6 سے 7 دن بعد دوبارہ مصنوعی بارش کروائی جائے کیوں کہ ایک بارش سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp