وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب چوہدری مونس الٰہی کے مختلف بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد کردی گئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔
وی نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق چوہدری مونس الہی کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کی رقم نکلی۔ انہوں نےساری رقم ان بینک اکاؤنٹس سے نکلوا لی۔
رقم جمع اور نکلوانے میں استعمال ہونے والے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔ ایف آئی اے کی دستاویزات کے مطابق مونس الہی کے مختلف بینک اکاونٹس منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئے۔
مزید برآں چوہدری مونس الہی کی چھ مختلف جائیدادوں کو بھی منجمد کر دیا گیا۔ ان میں سے پانچ جائیدادیں قصور اور ایک جائیداد راولپنڈی میں واقع ہے۔
دستاویزات کے مطابق چوہدری مونس الہی نے جائیدادیں منی لانڈرنگ سے بنائی ہیں۔ عدالت کے حکم پر مونس الہی کے بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کو منجمد کر دیا گیا۔