سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں لے کر آئے تھے، ہم نے ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا لیکن کچھ لوگوں نے آکر اس ملک کو تباہ کردیا۔ یہ سوچنے کی بات ہے کہ کس نے اس ملک کو اس حال میں پہنچایا، اور کون ہے جس نے اس ملک کے ساتھ ظلم کیا ہے۔
مری میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مری کے بھائیوں اور بزرگوں کے ساتھ بہت گہرا رشتہ ہے جو دن بدن مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ مری میرا دوسرا گھر ہے، بچپن سے ہی مجھے مری بہت پسند ہے، جب اسکول میں پڑھتے تھے تب سے مری آتے جاتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ جب میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھایا تھا تو سب سے پہلے خوبصورت ترین سڑک اسلام آباد سے مری کی بنی تھی، اس سے پہلے جو سڑک بنی تھی وہ بہت تنگ تھی اور خراب تھی۔ یہاں بسیں چلتی تھیں اس کا نقشہ میرے ذہن میں آج بھی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ اس وقت کا جو مال روڈ تھا بہت خوبصورت تھا، اب اس طرح کی خوبصورتی نہیں رہی ہے، اس کو برقرار نہیں رکھ سکے ہیں لیکن اب بھی وقت ہے ہم اس کو برقرار رکھیں اور خوبصورتی کو بحال کریں۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا، ڈیڑھ سال میں بجلی کے کارخانوں کو مکمل کیا، جو 20، 20 سالوں میں لوگ مکمل نہیں کر سکے تھے۔ 11 ہزار میگا واٹ بجلی ہم نے سسٹم میں شامل کی۔ دن رات محنت کر کے بجلی کے منصوبے بنائے اور مکمل کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور دیگر علاقوں میں ہم نے کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگائے، سندھ میں آج بھی کارخانے موجود ہیں، یہ کوئلہ کوئی باہر سے نہیں لایا گیا ڈالر نہیں دیے گئے بلکہ پاکستان سے ہی نکالا اور بجلی پیدا کی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ سیاست کے لیے جھوٹ بولنے سے کچھ نہیں ملتا، باتیں کم اور کام زیادہ کرنا چاہیے۔ ہم سے پہلے کچھ لوگوں نے پاکستان کے کلچر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ملکی سیاست میں حسد، بغض منافقت کے کلچر کو فروغ دے دیا گیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں کسی سے ادھار نہیں مانگا، ہمارے دور میں بھارت کے 2 وزیراعظم پاکستان آئے، ہم نے اپنے دور میں آئی ایم ایف پروگرام کو بائے بائے کہا لیکن منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا۔
مریم نواز کی گفتگو
والد کے ہمراہ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف سے اللہ نے ملک کی خدمت کا کام لیا ہے، نوازشریف کو 4 سال ملک سے دور رہنا پڑا، جس مشکل سے رہنا پڑا وہ ہم جانتے ہیں، کیونکہ نوازشریف کے دل میں اس ملک کے لیےدرد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو مری کی تقدیر بدل دیں گے، گزشتہ دنوں بیٹی کی طبیعت ناساز ہوئی، ہم نے ریسکیو سے مدد لی۔ اس وقت محسوس ہوا کہ یہاں کے لوگوں کو صحت کی سہولیات کی کس قدر ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبے مری کا حق ہیں۔