اسلام آباد میں شاہدرہ کے علاقے میں ایک اسکول بس گہری کھائی میں گرنے سے 1 معلمہ جاں بحق، 15 طلبہ اور طالبات زخمی ہو گئی ہیں۔ زخمیوں کو پولی کلینک اور پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو اور عینی شاہدین کےمطابق بس نمبر 5544 LES- امریکن گرائمر اسکول شیخو پورہ کے بچوں کو تعلیمی دورے کے لیے اسلام آباد لا رہی تھی کہ راستے میں شاہدرہ کے مقام پر سڑک سے پھسل کر نیچے گہرائی میں نالے میں جا گری۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شاہدرہ کے مقام پر ڈرئیور نے جب بس سڑک کی سائیڈ پر کھڑی کی تو اسی دوران گاڑی نے آہستہ آہستہ واپس پیچھے کی جانب سرکنا شروع کر دیا، جس کے باعث بس نیچے نالے میں گر گئی، بس حادثہ کو ڈرئیور کی غفلت قرار دیا جا رہا ہے۔
حادثے کے فوری بعد ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہو گئے، پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈرائیور کا نام ریاض ہے جو کہ شیخوپورہ کا رہائشی ہے۔
پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں ایک 21 سے 22 سالہ معلمہ جس کا نام ہانیہ بتایا گیا ہے، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جب کہ حادثے میں 15 بچے اور بچیاں زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
زخمیوں کو پولی کلینک اور پاکستان میڈیکل انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا ہے، ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ 15 میں سے 8 زخمیوں کو جن میں 6 بچے اور 2 اساتذہ شامل ہیں پمزاسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو پولی کلینک اور پمز اسپتال منتقل کیا۔
پولی کلینک میں پہنچائے گئے زخمی بچوں اور بچیوں میں حرمت فاطمہ، نور فاطمہ، ابوبکر، فیصان جمیل، حشیم عمر شامل ہیں جب کہ پمز اسپتال میں پہنچائے گئے زخمیوں میں ابیرا زمان ٹیچرعمر 45 سال، آمنہ ٹیچرعمر 40 سال، شاہ میرعلی، علی، لین، اسد، عمر سلیم اور حسینہ شامل ہیں۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ امریکن گرائمراسکول شیخوپورہ کی اس بس میں ٹوٹل 59 افراد سوار تھے جن میں اسکول سےمتعلقہ 54 طلبہ، طالبات اور اساتذہ کرام شامل تھے۔ ان میں 19 بچے اور 22 بچیاں سوار تھیں جب کہ 13 معلم اور معلمات بھی بچوں کے ساتھ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
کہا گیا ہے کہ پرنسپل اسکول محمود الحسن، ذوہیب معلم، 22 سالہ معلمہ ہانیہ جو اس حادثے میں جاں بحق ہوئیں، کے علاوہ توقیر گیٹ کیپر بھی بچوں کے ساتھ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ادھر ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ شاہدرہ حادثہ کے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈرائیور کو تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ کھائی میں گاڑی گرنے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔