ریاض میں کرسٹیانو رونالڈو سے منسوب میوزیم میں کیا خاص بات ہے؟

ہفتہ 25 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رونالڈو کی کارکرگی اور شاندار کیریئر کی نمائش کرنے والے میوزیم کو شائقین کے لیے کھول دیا گیا۔ میوزیم روزانہ شام 4 بجے کھلتا ہے اور بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے مختلف تجربات پیش کرتا ہے۔ میوزیم کے اندر ایک ایسی اسمارٹ اسکرین لگائی گئی ہے جو جدید الیکٹرانک ایپلی کیشنز اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے مزّین ہے۔ جس کے ذریعے شائقین رونالڈو کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنا سکتے ہیں۔

 

ریاض میں بنائے گئے میوزیم میں کرسٹیانوں رونالڈو کو دیے گئے انعامات، یادوں اور ان کے مجسمے کو سجایا گیا ہے۔ میوزیم کے باہر رونالڈو کی گیند کو سر کرنے کے لیے مشہور چھلانگ کو بھی دکھایا گیا ہے۔ سب سے آخر میں ایک منفرد میدان بنایا گیا ہے کہ جس میں شائقین فٹ بال کو کک مار کر سینسر والے پول میں گراتے ہیں اور پیمائش سے اپنی طاقت کا اندازہ لگاتے ہیں۔

گزشتہ روز ریاض میں پرتگالی فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے شاندار کیریئر کی نمائش کرنے والے میوزیم کا افتتاح کیا گیا، میوزیم میں رونالڈو کے انعامات اور شرٹس سمیت ان کے کارناموں کی نمائش دیکھنے کے لیے شائقین کا تانتا بندھ گیا، انٹرایکٹو میوزیم النصر کھلاڑی کی زندگی کی کہانی اور کیریئر سے بھرپور ہے۔

یہ میوزیم سب سے اہم اجتماعی اور انفرادی ایوارڈز پر مشتمل ہے جن میں گولڈن بال، گولڈن بوٹ، چیمپیئنز لیگ کپ اور بہت سی غیر معمولی کامیابیاں شامل ہیں، جو لیجنڈ فٹ بالر نے اپنے کیریئر کے دوران ریکارڈ کیں۔

اس میں ان کے سفر کے اہم سنگ میل کو اجاگر کرنے والی ایک جامع ٹائم لائن بھی شامل ہے۔ میوزیم میں داخل ہونے پر لوگوں کو کرسٹیانو رونالڈو کا مومی مجسمہ خوش آمدید کہتا ہے۔ آگے بڑھتے ہوئے، کوریڈور میں کھلاڑی کی انفرادی کامیابیوں کی عکاسی کرنے والی تصاویر کا ایک مجموعہ دکھایا گیا ہے۔

میوزیم میں رونالڈو کو ملنے والے مختلف تحائف اور جمع شدہ اشیا بھی شامل ہیں۔ آنے والوں کے پاس میوزیم کے اندر ایک خصوصی سٹور سے یادگاری مصنوعات خریدنے کا موقع بھی ہوتا ہے۔

میوزیم میں گولڈن بال، گولڈن بوٹ، چیمپیئنز لیگ کپ اور رونالڈو کے کیریئر کی اہم ٹرافیوں کو رونالڈوں کے مداحوں کے لئے پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میوزیم میں ذاتی یادداشتوں اور یہاں تک کہ انٹرایکٹو گیم اور علاقوں کے ساتھ اس کی کچھ اہم ترین ٹرافیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

سعودی قوم جس طرح فٹ بال کو پسند کرتی ہے بلکل اسی طرح ریاض سیزن میں بھی دلچسپی رکھتی ہے، سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ لیجینڈز میوزیم کے بعد کرسٹیانو رونالڈو سے منسوب سی آر 7 میوزیم دوسرا بڑا میوزیم ہے جس میں نایاب اور حیرت انگیز نوادرات موجود ہیں۔

واضح رہے ریاض سیزن ایک بہت بڑا تہوار ہے جو سالانہ بنیادوں پر منعقد کیا جاتا ہے، سیزن کی متنوع تقریبات ریاض میں 12 مقامات پر ہو رہی ہیں، جن میں عالمی مشہور شخصیات کے کنسرٹ، تھیٹر کے شوز، عالمی ثقافتوں اور مختلف قسم کے بین الاقوامی کھانے پیش کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp