نادیہ جمیل نے کسے معجزہ قرار دیا؟

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نادیہ جمیل اداکاری کے ساتھ ساتھ بہت سی سرگرمیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ ان کا سماجی خدمت سے متعلق کام، کینسر جیسے بیماری کو مات دینا، اور ایک 3 مہینے کی بیٹی گود لینا انہیں دیگر شوبز ستاروں سے الگ کرتا ہے۔

حالیہ انٹرویو کے دوران، نادیہ جمیل نے اپنی زندگی کی جدوجہد پر بات کی۔ انہوں نے بیماری سے لیکر شادی شدہ زندگی، اور پھر 2 بچے گود لینے تک کی کہانی سنائی۔ نادیہ کے انٹرویو کا مرکزی نکتہ ان کی بیٹی نوری تھی، جو نابینا ہونے کی وجہ سے کئی مشکلات کا شکار تھیں لیکن پھر ایک معجزہ ہوگیا۔

2020 میں نادیہ جمیل نے بچوں کے یتیم خانے میں کام کرنا شروع کیا، وہ ہمیشہ سے چاہتی تھیں کہ ان بچوں کو بھی وہی حقوق ملیں جو دوسروں کو ملتے ہیں۔ یتیم خانے میں ان کی نظر ایک 3 مہینے کی بچی پر پڑی جو دیکھ نہیں سکتی تھی۔ نادیہ نے سوچا کہ معاشرہ اس بچی کا مذاق بنا دے گا۔ دل میں خیال آیا کہ کیوں نہ وہ اس معصوم بچی کو گود لے لیں۔

انہوں نے بچی کو گود میں اُٹھایا اور شوہر کو کہا کہ میں اس کو گود لینا چاہتی ہوں، شوہر نے بھی ہامی بھرلی۔ اب ان کی بیٹی کا نام نوری ہے۔ وہ 3 سال کی ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر نے نادیہ جمیل کو بتایا کہ بچی دیکھ نہیں سکتی، اس کی دونوں آنکھوں کا آپریشن ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے نوری کی آنکھوں میں آئی ڈراپس ڈالنا شروع کیے، جو ڈاکٹر نے تجویز کیے تھے۔

ان دنوں نادیہ جمیل اپنے بیٹوں کے ساتھ لندن میں تھیں جب ان کے کے شوہر کال کرکے بتایا کہ نوری کی نظر واپس آ گئی ہے۔ اور کسی آپریشن کی ضرورت نہیں پڑی۔ نادیہ خوشی سے سرشار ہوگئیں۔

اس دن سے آج تک نوری بالکل ٹھیک ہیں۔ نادیہ نے بتایا کہ نوری نے ہم سب کی زندگی بدل دی ہے، وہ بہت ہنس مکھ بچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نوری میرا معجزہ ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp