ایلون مسک آج اسرائیلی صدر اور وزیراعظم سے کیوں ملیں گے؟

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، اپیس ایکس اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک آج اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔

کہا جا رہا ہے کہ ایلون مسک حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کے تناظر یہ دورہ کر رہے ہیں کیونکہ اپنے دورہ اسرائیل کے دوران ایلون مسک ان اسرائیلیوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے جن کے رشتہ داروں کو غزہ میں حماس نے قید کر رکھا ہے۔

اسرائیلی صدر کے دفتر کی جانب سے گزشتہ رات صدر ہرزوگ اور ایلون مسک کی طے شدہ ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیلی صدر اس ملاقات میں ایلون مسک پر یہودیوں کے خلاف آن لائن بڑھتی ہوئی دشمنی سے نمٹنے کے لیے کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

اسرائیل کے چینل 12 کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ان کے دورہ اسرائیل سے متعلق سوالوں پر تاحال کسی رائے کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔

اس سے قبل نیتن یاہو نے 18 ستمبر کو کیلیفورنیا میں مسک سے ملاقات میں ان پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہود مخالف مواد پر کئی دن تک جاری رہنے والے تنازعہ کے بعد آزادانہ اظہار رائے کے تحفظ اور نفرت انگیزی کے درمیان توازن قائم کریں۔

ایلون مسک نے نیتن یاہو کو جواب دیا تھا کہ وہ یہود دشمنی اور ہر اس عمل کے خلاف ہیں جو نفرت اور تنازعہ کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے پچھلے بیانات کو دہراتے ہوئے کہا تھا کہ ایکس نفرت انگیزی تقریر کو فروغ نہیں دے گا۔

حماس اسرائیل جنگ سے پہلے نیتن یاہو کے اس دورے کے دوران تقریباً 200 افراد نے نیتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومت کی طرف سے اسرائیلی عدالتوں کے اختیارات کو روکنے کی کوششوں کے خلاف ٹیسلا فیکٹری، کیلیفورنیا کے باہر احتجاج کیا تھا جہاں انہوں نے ایلون مسک کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

بعد ازاں، 15 نومبر کو مسک نے ایکس پر ایک پوسٹ سے اتفاق کیا جس میں یہ ’غلط‘ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہودی سفید فام لوگوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں اور کہا تھا کہ ’عظیم تبدیلی‘ کے سازشی نظریے کا حوالہ دینے والا صارف ’بالکل سچ‘ بول رہا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے ایلون مسک کی پوسٹ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’یہود دشمنی اور نسل پرستی پر مبنی نفرت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایلون مسک کا بیان بنیادی امریکی اقدار کے خلاف ہے۔ دوسری جانب بڑی امریکی کمپنیوں بشمول والٹ ڈزنی، وارنر برادرز ڈسکوری اور این بی سی یونیورسل پیرنٹ کامکاسٹ نے ایلون مسک کی سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے اشتہارات کو روک دیا تھا۔

’عظیم تبدیلی‘ کے سازشی نظریے کے مطابق یہودی اور بائیں بازو کے لوگ سفید فام آبادی کے نسلی اور ثقافتی متبادل کو غیر سفید فام تارکین وطن سے تبدیل کر رہے ہیں اور یہ تبدیلی ’سفید نسل کشی‘ کا باعث بنے گی۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران امریکا اور دنیا بھر میں یہود دشمنی اور اسلاموفوبیا میں اضافہ ہوا ہے۔ یہود دشمنی کے خلاف کام کرنے والی ایک غیر منافع بخش تنظیم اینٹی ڈیفیمیشن لیگ کے مطابق حماس اسرائیل جنگ شروع ہونے کے بعد امریکا میں یہود دشمنی کے واقعات میں تقریباً 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مسک نے کہا ہے کہ ایکس کو لوگوں کے لیے متنوع نقطہ نظر پوسٹ کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہونا چاہیے لیکن کمپنی پالیسی کی خلاف ورزی والی کچھ پوسٹس کی تقسیم کو محدود کردیا جائے گا اور اس اقدام سے آزادی اظہار کو نہیں بلکہ رسائی کو روکا جائے گا۔

خیال رہے ایلون مسک مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی نئی کمپنی ایکس اے آئی کا آغاز کرچکے ہیں جبکہ کمپیوٹنگ اور روبوٹکس کے شعبہ میں اسرائیل کو عالمی رہنما سمجھا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp