عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل تعینات

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو اسپیشل جج سینٹرل تعینات کر دیا گیا جو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں فرائض سر انجام دیں گے۔

وزارت قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کے مطابق جج ہمایوں دلاور کل سے بطور اسپیشل جج سینٹرل ٹو اسلام آباد ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، اس سے قبل جج ہمایوں دلاور اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسپیشل ڈیوٹی پر مامور تھے۔

ذرائع کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل ٹو کے لیے نیا کمرہ عدالت جوڈیشل کمپلیکس میں تیار کر لیا گیا گیا ہے، اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس میں اسپیشل جج سینٹرل کی صرف ایک عدالت تھی۔

اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل ٹو کی نئی عدالت قائم کی گئی ہے، جج ہمایوں دلاور ایف آئی اے، سائبرکرائم سے متعلق کیسز کو دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ جج ہمایوں دلاور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے کے بعد ٹریننگ کے لیے بیرون ملک چلے گئے تھے۔

سابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو 25 اگست کو او ایس ڈی کر کے ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

جج ہمایوں دلاور نے رجسٹرار ہائیکورٹ کو خط میں کیا لکھا تھا؟

یہ بھی یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے 17 اگست کو رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنانے کے بعد ان کے خلاف پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔

خط میں انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ دوران ٹرائل اور فیصلہ سنانے کے بعد ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور دنیا بھر میں مختلف لوگوں کے ذریعے دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے آبائی شہر میں موجود خاندان والوں تک کو سرحد پار سے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

جج نے خط میں کہا کہ ’میرے بچوں کو بھی اسکول جانے میں مشکلات اور ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘۔

ہمایوں دلاور نے کہا کہ ان تمام باتوں کے پیش نظر ان کی درخواست ہے کہ ان کا تبادلہ کسی اور جگہ خصوصاً جوڈیشل کمپلیکس میں واقع اسپیشل کورٹس میں کردیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp