حکومت کا آئندہ 3 سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعلان

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس ایکسپورٹ اسٹریٹجی کا اعلان کردیا ہے جس کا مقصد آئندہ 3 سالوں میں آئی ٹی کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔

آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس ایکسپورٹ اسٹریٹیجی کی لانچنگ تقریب اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ماتحت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے پرائس واٹر ہاؤس کوپرز (پی ڈبلیو سی) اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی فیکلٹی سمیت دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس حکمت عملی کو تیار کیا ہے جو ہمارے وژن سے مطابقت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر سیف نے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پاکستان کی معیشت کے استحکام کے دروازے کھولنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 2.6 بلین ڈالر ہیں اور ڈاکٹر سیف نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ آئی ٹی افرادی قوت میں مزید 200،000 ہنرمند افرادی قوت کو شامل کیا جائے گا تاکہ برآمدات میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیوں کو ڈالر ریٹینشن سہولت کے ذریعے ڈالر رکھنے کی اجازت دینے سے برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا جبکہ ‘پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ’ کے قیام سے آئی ٹی برآمدات کے مجموعی حجم میں مزید ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا جس سے اسے 10 ارب ڈالر کا ہدف پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

نئی حکمت عملی کے تحت 2028 تک آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر سے 18 ارب ڈالر تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس میں 3 اہم اقدامات شامل ہیں جن میں ہنر مند افراد کی صعنت کی ترقی، آئی ٹی ایکو سسٹم کی فراہمی اور مناسب مارکیٹنگ شامل ہیں۔

ڈاکٹر سیف نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جب تک ملکی حالات کو زیادہ سازگار نہیں بنایا جاتا تب تک برآمدی مارکیٹ کی ترقی غیر موزوں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو امکان ہے کہ آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس کی برآمدات کے لیے عزائم کی سطح پوری نہیں ہوگی۔

ادھر پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین زوہیب خان نے پاکستان کے معاشی منظرنامے کو تشکیل دینے میں آئی ٹی انڈسٹری کے اہم کردار پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ صنعتی تعاون قومی منصوبوں اور اقدامات کی کامیابی کا لازمی جزو ہے۔

اس موقع پر اسٹڈی پروجیکٹ ڈائریکٹر اور پی ڈبلیو سی یوکے کے سابق سینئر پارٹنر جیرارڈ نیومین نے بھی پاکستان کی آئی ٹی، آئی ٹی ای ایس برآمدی آمدنی کے لیے اہم مواقع پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp