نواز شریف کی بریت پر کارکنوں کا جشن: اللہ نے سرخرو کیا، قائد ن لیگ

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا اسی نے سرخرو کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ العزیزیہ ریفرنس بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کرتے ہوئے احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دیدی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف درخواست واپس لے لی جس کی بنیاد پر عدالت نے اسے خارج کر دیا۔

نوازشریف کو بریت پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی لیگی قائد کو مبارکباد پیش کی ہے۔

نواز شریف اسلام آباد سے واپس اپنی رہائشگاہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل نجی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچنے پر ان کا استقبال کیا گیا۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے نواز شریف کا اولڈ ٹرمینل پر استقبال کیا۔

لاہور سمیت مختلف علاقوں میں جشن

دوسری جانب نوازشریف کو بریت پر جہاں مبارکبادیں دی جا رہی ہیں وہیں لاہور سمیت مختلف علاقوں میں جشن کا سماں ہے۔

سابق وفاقی وزیر رانا مبشراقبال اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 170 میاں عمران کی جانب سے جشن کا اہتمام کیا گیا۔ لیگی رہنماوں نے خیابان امین میں مٹھائی تقسیم کی۔

اس موقع پر رانامبشراقبال اور دیگر نے میاں نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp