بیرسٹر سلمان اکرم راجا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑنے کے لیے تیار؟

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل رہنے والے بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ممکن ہے میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آئندہ عام انتخابات میں حصہ لوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا خارج از امکان نہیں، اس وقت جو ماحول ہے اس میں میرے جیسے لوگوں کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ آگے آئیں۔

انہوں نے کہاکہ خوف کے ماحول میں جب آپ سامنے آتے ہیں تو عوام کو بھی ایک پیغام جاتا ہے، اس لیے اپنے آپ کو پیش کرنا چاہیے۔

ایک سوال کہ کیا آپ کو نواز شریف کے مقابلے میں میدان میں اتارا جائے گا؟ کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ابھی اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ جب بھی کوئی فیصلہ ہو گا سب سامنے آ جائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت مختلف مقدمات میں جیلوں میں ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین سائفر اور 190 ملین اسکینڈل میں جیل میں قید ہیں جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی سائفر کیس میں جیل میں قید ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی بھی مختلف مقدمات بھگت رہے ہیں۔

عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے لیے بڑا امتحان

پی ٹی آئی کے لیے عام انتخابات سے قبل ایک بڑا امتحان قیادت کی تبدیلی کا ہے کیوں کہ عمران خان سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے پارٹی چیئرمین کا عہدہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔ اب 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کے لیے ایک سینیئر وکیل بیرسٹر گوہر خان کو چیئرمین کے لیے سامنے لایا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کو چیئرمین لانے پر پی ٹی آئی میں اختلاف؟

بیرسٹر گوہر خان کو سامنے لانے پر پی ٹی آئی قیادت میں اختلاف بھی موجود ہے، گزشتہ روز جب شیر افضل مروت نے کہاکہ عمران خان چیئرمین شپ سے دستبردار ہو گئے ہیں تو پی ٹی آئی کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے اس کی تردید کی گئی مگر آج یہ خبر درست ثابت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے اکبر ایس بابر کیا موقف رکھتے ہیں؟

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے ’وی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو پہلے اجرتی سیاستدانوں نے ہائی جیک کیا تھا اور اب یہ اجرتی وکیلوں کے ہاتھوں ہائی جیک ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تاثر عام ہے کہ پی ٹی آئی پر وکلا قبضہ کرنے جا رہے ہیں، اب سینیئر قانون دان بیرسٹر سلمان اکرام راجا نے بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا عندیہ دیدیا ہے۔ جبکہ شیر افضل مروت سمیت کئی دیگر قانون دان بھی انتخابی میدان میں اترنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp