وی نیوز ایکسکلیوسیو:پاکستان پیپلز پارٹی کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، شیری رحمان

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے اجتماع میں شرکت کے لیے ملک بھر سے پارٹی رہنماؤں کی بلوچستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ گزشتہ 55 سالوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ ہماری جماعت نے 14 سے 18 سال حکومت کی اور ہمیشہ ملک کو آفتوں سے نکالا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے انتخابات کا بارہا مطالبہ کرنے کے پیچھے بھی یہی مقصد ہے کہ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملے۔ ہماری جماعت کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ایوان میں اکثریت تک چھینی گئی پھر بھی ہماری لیڈر شپ کی بردباری کی وجہ سے ہم مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب رہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حالات سے گھبراتی نہیں اگر آپ لوگ پہاڑ بنا کر ہمیں کھائی میں کودنے کا کہیں گے تو ہم ایسے موقع پر ڈریں گے نہیں۔ ہم ہمیشہ مشکل حالات میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

کیا ن لیگ کی طرح پیپلزپارٹی بھی الیکٹیبلز کو شامل کرے گی؟

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کر رہی ہے، یوم تاسیس کا اجتماع پارٹی کا پروگرام ہے، ہم نے یہاں آ کر کوئی جمعہ بازار نہیں لگایا کہ جو جو ٹکٹ لینا چاہے ہمارے پاس آ جائے۔ کسی بھی پارٹی کا حق ہے کہ وہ الیکشن میں کسی دوسری جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے۔

انہوں نے کہاکہ اصل میں سیاسی اتحاد الیکشن کے بعد ہوتے ہیں۔ ملک میں صرف پیپلزپارٹی نے انتخابات کے انعقاد کے لیے بات کی باقی سیاسی جماعتوں کا تو کچھ اور ہی رخ تھا۔ اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ جمہوری عمل کے لیے راہیں ہموار ہوں۔

پیپلزپارٹی بلوچستان سے الیکٹیبلز کو اپنے ساتھ ملانے میں کیوں ناکام رہی؟

ایک سوال کے جواب میں شیری رحمان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے کئی سیاسی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں، مقبول جماعت وہی ہوتی ہے جو انتخابات میں عوام کے مسائل پر بات کرے، جوڑ توڑ کی سیاست کرنے والوں کی کوئی مقبولیت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت عوام میں صرف پیپلزپارٹی نکلی ہوئی ہے۔ ہماری جماعت نے الیکشن کا ماحول بنایا ہے، جب تک ماحول نہیں ہو گا تو گاڑی کیسے چلے گی، ہم نے بار بار بول کر انتخابات کی تاریخ تو لے لی ہے مگر ابھی تک انتخابات کا شیڈول سامنے نہیں آیا، افسوس ہے کہ ہمیں انتخابات کی تاریخ لینے کے لیے بھی زور لگانا پڑ رہا ہے۔

یوم تاسیس کے لیے کیا تیاریاں کی جارہی ہیں؟

شیری رحمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یوم تاسیس کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، ہماری جماعت اس وقت خود ابھر کر سامنے آئی ہے، یوم تاسیس پر کوئٹہ میں پروگرام منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کے مسائل کو سنا جائے، جب بھی اندھیرا ہوتا ہے تو پیپلزپارٹی سب سے زیادہ متحرک دکھائی دیتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp